Chitral Times

Apr 24, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پریس کلب اپر چترال کا افتتاح، ہیڈکوارٹر بونی میں شاندار تقریب کا انعقاد

شیئر کریں:

پریس کلب اپر چترال کا افتتاح، ہیڈکوارٹر بونی میں شاندار تقریب کا انعقاد

 

اپر چترال (شہزاد احمد) اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں پریس کلب اپر چترال کا باقاعدہ افتتاح ایک پروقار تقریب میں کیا گیا۔ اس پُررونق تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال، حسیب الرحمن تھے، جبکہ صدارت تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم نے کی۔

 

تقریب میں ڈی پی او اپر چترال عقیل شاہ، ریجنل سماعیلی کونسل کے صدر امتیاز عالم، معروف عالمِ دین مولانا قاضی ربانی، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، سول سوسائٹی، سماجی کارکنان، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

 

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں، صدر پریس کلب اپر چترال اور سینئر صحافی، محمد علی مجاہد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پریس کلب کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور اپر چترال میں مثبت صحافتی ماحول کے قیام کی امید ظاہر کی۔

 

ریجنل سماعیلی کونسل کے صدر امتیاز عالم نے پریس کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل میں چترال کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمن نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی میں صحافت کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے اپر چترال کے صحافیوں کو نئی ذمہ داریوں کے آغاز پر مبارکباد دی۔

 

تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم نے بھی اپنے خطاب میں پریس کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صحافی برادری کی خدمات کو سراہا۔

 

تقریب کے اختتام پر مولانا قاضی ربانی نے صحافت کو اسلامی اور قومی نقطہ نظر سے قوم کی اصلاح کا بہترین ذریعہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو اپنے قلم کے ذریعے معاشرے میں اچھائی کو فروغ دینا چاہیے۔

 

پریس کلب اپر چترال کا قیام علاقے میں صحافت کے فروغ، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے درمیان مثبت رابطے کی ایک مضبوط کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

chitraltimes press club upper chitral inaguration 7 scaled

 

chitraltimes press club upper chitral inaguration 4 scaled

chitraltimes press club upper chitral inaguration 3 scaled

 

chitraltimes press club upper chitral inaguration 6 scaled

 

 

chitraltimes press club upper chitral inaguration 9

chitraltimes press club upper chitral inaguration 10

 

chitraltimes press club upper chitral inaguration 8 scaled


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
101110