
پرنس رحیم آغا خان پنجم کو شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کا 50واں موروثی امام نامزد کر دیا گیا
پرنس رحیم آغا خان پنجم کو شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کا 50واں موروثی امام نامزد کر دیا گیا
لزبن، پرتگال( پریس ریلیز ) پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو آج 50 واں وراثتی امام (روحانی پیشوا) نامزد کیا گیا، یہ اعلان ان کے مرحوم والد، پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وصیت کے کھلنے کے بعد کیا گیا، جو کل 88 سال کی عمر میں لزبن، پرتگال میں وفات پا گئے تھے۔
پرنس رحیم آغا خان پنجم، نبی اکرم حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بیٹی، حضرت بی بی فاطمہ اور نبی اکرم ؐ کے چچا زاد بھائی اور داماد، حضرت علی (چوتھے خلیفہ راشد اور پہلے شیعہ امام) کی نسل سے ہیں۔اسماعیلی مسلمانوں کی 1400 سالہ تاریخ کے ہر دور میں ایک زندہ، موروثی امام ان کی قیادت کرتے آئے ہیں۔ آج اسماعیلی دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں آباد ہیں اور ان کی تعداد تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ سے 1 کروڑ 50 لاکھ کے درمیان ہے۔
پرنس رحیم – آغا خان پنجم
پرنس رحیم آغا خان پنجم، شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں موروثی امام ہیں، جنہیں ان کے مرحوم والد، پرنس کریم آغا خان چہارم نے تاریخی شیعہ امامی اسماعیلی روایت کے مطابق نامزد کیا تھا۔
پرنس رحیم 12 اکتوبر 1971 کو پیدا ہوئے اور وہ مرحوم پرنس کریم آغا خان اور ان کی پہلی اہلیہ، پرنسس سلیمہ کے سب سے بڑے صاحبزادے ہیں۔
انہوں نے فلپس اکیڈمی اینڈوور سے تعلیم حاصل کی اور 1995 میں براؤن یونیورسٹی سے تقابلی ادب میں بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
پرنس رحیم کے اپنی سابقہ اہلیہ، پرنسس سلوا سے دو بیٹے ہیں: پرنس عرفان (پیدائش 2015) اور پرنس سنان (پیدائش 2017)۔
پرنس رحیم آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے متعدد اداروں کے بورڈز میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور انسٹی ٹیوٹ آف اسماعیلی اسٹڈیز سمیت اسماعیلی کمیونٹی کے سوشل گورننس اداروں کے امور پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔
وہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے AKDN کی کوششوں میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کی “ماحولیات اور آب و ہوا کمیٹی” کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پرنس رحیم غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع میں بہتری، اور تعلیم و تربیت کے ذریعے معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے AKDN اور اسماعیلی کمیونٹی کے اداروں کی کوششوں پر بھی مستقل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
وہ اسماعیلی امامت کے ساتھ کمیونٹی کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پسماندہ و کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں سے باقاعدگی سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔