Chitral Times

Feb 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پرائیویٹ سکولز کی کچھ تنظیمیں سکولوں کی بندش کے غیر قانونی احکامات جاری کررہی ہیں۔PSRA

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کی انتظامیہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پرائیویٹ سکولز کی کچھ تنظیمیں اپنے طور پر سکولوں کی بندش کے احکامات جاری کررہی ہیں جن کی خبریں الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر چلائی جارہی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے اختیاریات میں کھلی مداخلت کے مترادف ہیں۔ پرائیویٹ سکولز کے ایکٹ کے مطابق پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں چھٹی دینے کا اختیار صرف اور صرف اتھارٹی کو تفویض کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں یہی مجاز ادارہ ہے۔ اتھارٹی کے علاوہ کسی اور ادارے یا تنظیم کی طرف سے کئے جانے والے اعلانات اتھارٹی کے معاملات میں دخل اندازی اور کار سرکار میں مداخلت کے مترادف ہیں۔ اتھارٹی کے افسران بالا نے موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام تنظیمیں جو کہ غیر قانونی احکامات کے ذریعے سکولوں کی بندش کروارہے ہیں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ اس طرح کے اعلانات نہ صرف والدین میں بے چینی پھیلانے کا سبب بنتے ہیں بلکہ طلباء کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے جسکی تمام تر ذمہ داری ان تنظیموں پر عائد ہوتی ہے۔
پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی پوری طرح حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورت حال میں پرائیویٹ سکولز کی چھٹی کا اعلان حکومت کے مروجہ طریقہ کار کے تحت،حکومت یا اتھارٹی ،عوام ا لناس اور تعلیمی اداروں کے مفاد میں خود کرے گی۔ لہٰذا ان تمام تنظیموں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے اعلانات اور اپنے طور پر فیصلوں سے اجتناب کیا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
15268