Chitral Times

May 12, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان کا منہ توڑ جواب، پاک فوج نے بھارت کے 25 ہیروپ ڈرونز مار گرائے،اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن بند رہیں گے

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان کا منہ توڑ جواب، پاک فوج نے بھارت کے 25 ہیروپ ڈرونز مار گرائے،اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن بند رہیں گے

راولپنڈی(چترال ٹائمزرپورٹ) افواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان نے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مارگرائے ہیں، افواج پاکستان نے سافٹ اور ہارڈ کل کی بدولت ڈرونز مار گرائے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا گیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان ہوا اور مزید بھی اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔

 

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی جس پر بھارت کے 12 ڈرونز مار گرائے۔انہوں نے بتایا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے گئے، سندھ کیعلاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔

 

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اقوام عالم دیکھ رہے ہیں ہندوستان خطے سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، لگتا ہے ہندوستان عقل و فہم کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، ہندوستان کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی جس میں اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔

 

 

پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن بند رہیں گے، وزیر تعلیم پنجاب

لاہور(سی ایم لنکس) اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے دو دن کے لئے بند رہیں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن بند رہیں گے، تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رہیں گے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے احکامات تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کیلئے ہیں، پنجاب بھر میں پیر 12 مئی سے تدریسی عمل معمول کے مطابق شروع ہوگا۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز گرا چکا ہے۔

 

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، افواج پاکستان دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمدپور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ-29 اور ایک ایس یو-30 طیارے کے ساتھ ساتھھ ایک کومبیٹ ڈرون بھی مار گرایا تھا۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
102225