پاکستان کا سب سے بڑا شندور پولو فیسٹیول کا آغاز28جون سے ہوگا،علی امین گنڈاپور
پاکستان کا سب سے بڑا شندور پولو فیسٹیول کا آغاز28جون سے ہوگا،علی امین گنڈاپور
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے شندور پولو فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کردیا، مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی شندور پولو فیسٹیول کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپر چترال کی وادی میں منعقد ہونے والے سالانہ شندور پولو فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے 28 جون سے منعقد کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کیلئے تمام تیاریوں کو فلفور حتمی شکل دی جائے۔ انہون نے کہا کہ فیسٹیول کا انعقاد بہترین طریقے سے کیا جائے اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کو شندور پولو فیسٹیول کیلئے کی جانیوالی تیاریوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کا کامیابی سے انعقاد اور آگاہی مہم ابھی سے چلائی جائے۔ انٹرنیشنل سطح پر مشہور اس فیسٹیول میں ہر سال کثیر تعداد میں سیاح شندور وادی کا رخ کرتے ہیں۔ لہذا اس کی ہر پلیٹ فارم پر مہم چلائی جائے تاکہ سیاح اپنے ٹوور انہی تاریخوں پر ترتیب دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ چترال اپر کی خوبصورت وادی شندور میں منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول اس سال 28 جون کو منعقد ہو گا جس میں چترال لوئر و چترال اپر کی ٹیمیں گلگت بلتستان کی ٹیموں سے مدمقابل ہونگی۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی،پاک فوج، ضلعی انتظامیہ چترال لوئر وچترال اپراور چترال سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے دینے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ شندور پولو فیسٹیول امسال 28 جون سے 30 جون تک منعقد ہوگا۔ فیسٹیول میں ہر سال شرکت کیلئے کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح شندور اور چترال وادی کا رخ کرتے ہیں۔تین روزہ فیسٹیول میں خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی روایتی موسیقی پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔گزشتہ سال فیسٹیول میں چترال کی ٹیم فاتح قرار پائی تھی۔