
پاکستان کا ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ، 450 کلومیٹر رینج کا حامل میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے،آئی ایس پی آر
پاکستان کا ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ، 450 کلومیٹر رینج کا حامل میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے،آئی ایس پی آر
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان نے ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کیشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ابدالی میزائل کی رینج 450 کلو میٹر ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ابدالی ویپن سسٹم کا تجربہ انڈس مشقوں کے دوران کیا گیا۔ ابدالی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے۔ تجربہ کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا ہے اور فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری سمیت ٹیکنیکل پیرامیٹرز کی جانچ کرنا تھا۔ تجربے میں میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم اور مینیوربلٹی فیچرز کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی میزائل تجربے کا مقصد فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو یقینی بنانا تھا۔ ابدائی ویپن کے ٹریننگ لانچ کے موقع پر کمانڈر سٹریٹیجک فورس کمانڈ بھی موجود تھے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئر ز کو مبارکباد دی ہے جبکہ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی ابدالی میزائل کے کامیاب تجربہ پر مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان کی سٹریٹیجک فورسز کی ا?پریشنلز تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند
اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستانی سیاسی و حکومتی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کیے جانے کا سلسلہ تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی کڑی میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شامل ہو گئے ہیں، جن کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت میں بند کردیا گیا ہے۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب عطا اللہ تارڑ نے عالمی میڈیا پر بھارت کی ریاستی پالیسیوں پر تنقید کی۔ انہوں نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کیا بلکہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی بھارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ ان کی اس واضح اور مؤثر مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی حکام نے ان کا آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردیا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کا یوٹیوب چینل بھی بھارت میں بلا اطلاع بند کردیا گیا تھا۔ یہ وہی چینل ہے جہاں وزیراعظم کی تقریریں، بیانات اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق ویڈیوز جاری کی جاتی تھیں۔ پاکستان نے اس اقدام کو اظہارِ رائے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔بھارت کی جانب سے اعلیٰ حکومتی عہدیداران کی ڈیجیٹل موجودگی کو محدود کرنے کے یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ بھارت اپنی ریاستی پالیسیوں پر تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا۔