Chitral Times

Sep 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے…وزیرزادہ

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اقلیتیوں کی فلاح وبہبود کے لیئے موجودہ صوبا ئی و وفاقی حکومتیں ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر زادہ نے جمعرات کے روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی سردار رنجیت سنگھ، روی کمار کے علاوہ سیکرٹری اوقاف، حج ،مذہبی اور اقلیتی امور فرخ سیر اور اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء کو اقلیتی امور کے حوالے سے جاری منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20 کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیئے گئے ہیں جن میں صوبے میں اقلیتوں کے لیے قبرستان اور شمشان گھاٹ کے لیئے زمین کی خریداری جس کی تخمینہ لاگت 11 کروڑ روپے، مذہبی مقامات کی تزئین وآرائش،مذہبی پیشواؤں کی مالی معاونت، اقلیتی سکولوں کے طلبہ کو یونیفارم، وظیفہ اور کتابوں کی مفت فراہمی صوبے میں اقلیتوں کے لیئے رہائشی کالونیوں کی تزئین و آرائش اور محکمہ اوقاف میں پلاننگ سیل کا قیام شامل ہے جبکہ نئے منصوبوں میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیئے مالی پیکج، فنی مہارت کے فروغ کے منصوبے، سکھ کمیونٹی کے لیئے کمیونٹی بیسڈ سکول کی تعمیر، سرکاری سطح پر اقلیتوں کے مذہبی تہوار منانے کے علاوہ دیگر منصوبے شامل ہیں۔اس موقع پر معاون خصوصی نے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور تمام منصوبوں میں میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31530