
پاکستان میںپہلی بار پانچ دریاوںپرپانی کی نگرانی کاخودکارٹیلی میٹری سسٹم نصب کردیاگیا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان میں پہلی بارخیبر پختونخوا کے 5 دریاوں اور 2 نالوں پر پانی کی نگرانی کا خودکارڈیجیٹل ٹیلی میٹری سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری، خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے تحت اس منصوبے پر 6 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ۔ مزکورہ دریائوں اور نالوں پر پانی کے بہائو اور سیلابی صورت حال سے متعلق اعداد و شمار اس نظام کے تحت متعلقہ ضلع کےڈپٹی کمشنر ،متعلقہ اداروں سمیت پی ڈی ایم اے کنٹرول روم موصول ہونا شروع ہو چکی ہے جس سےمون سون کے دوران سیلابی صورت حال یا کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر نا ممکن ہو گیا ہے۔محکمہ ریلیف ترجمان لطیف الرحمان کے مطابق خودکار ڈیجیٹل ٹیلی میڑی سسٹم امریکہ سے درآمد کیا گیا ہے جسے کمپیوٹر اور موبائل فون سے کسی بھی وقت کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت خبرداری کا یہ جدید ڈیجیٹل نظام ہر سٹیشن پر فعال کر دیا گیا ہےاوردریائوںو نالوں کاڈیٹا نصب شدہ سنسرز کی مدد سے رئیل ٹائم کمپیوٹرائیز سسٹم میں منتقل ہوناشروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سنسرز اور کنٹرول سٹیشن کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ کنٹرول سٹیشنز کو انٹر نٹ کے ذریعے تمام متعلقہ محکموں سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے۔خودکار ٹیلی میٹری سسٹم سٹیشنز کلپانی نالہ جلالہ پل مردان،دریائے سوات چکدرہ پل دیر لوئر اور خوازہ خیلہ پل سوات، منڈا ھیڈورکس شبقدر، دریائے پنجکوڑہ جبالوٹ پل دیر اپر، بڈھنی نالہ پشاور اور دریائے کابل ادیزئی پل چارسدہ کے مقام پر نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے بہائو سے متعلق پیغامات پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سمیت تمام متعلقہ ادروں کو موصول ہونا شروع ہو چکے ہیں اور اس کی تنصیب سے دریائوں اور نالوں میں تشویشناک صورت حال بننے سے قبل تما م متعلقہ اداروں بشمول ڈپٹی کمشنرز کو بروقت مطلع کرنا ممکن ہو گیا ہے۔