
پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کےزیراہتمام چترال ٹاوں میں احتجاجی مظاہرہ،سرکاری گودام میں گندم کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار
پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کےزیراہتمام چترال ٹاوں میں احتجاجی مظاہرہ،سرکاری گودام میں گندم کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار
چترال (نمائندہ چترال ٹایمز ) جمعہ کے روز پی آئی اے چوک میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے چترال کے سلگتے مسائل کے حل میں صوبائی حکومت کی ناکامی پر احتجاجی جلسہ منعقد کیا اور بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، چترال اورملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نافذکرنے، فلور ملز کے قیام سے گندم کی فراہمی میں مشکلات اور گیس پلانٹ سمیت دوسرے مسائل کے حل میں ناکامی پر پی ٹی آئی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پی ایم ایل (این) کے سینئر رہنما عبدالولی خان ایڈوکیٹ اور دوسرے رہنماؤں محمد کوثر ایڈوکیٹ، سید احمد خان، نور احمد خا ن چارویلو، زار عجم لال، ساجد اللہ ایڈوکیٹ اور دوسروں نے کہاکہ چترال میں ٹیکس کے نفاذ سے یہاں غریبوں کا جینا محال ہوگا جوکہ پہلے ہی مشکلات اور مصائب سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر عمران خان نے قوم کو بھکاری بناکر دووقت کی روٹی کا بھی محتاج بنادیا اور گرانی ومہنگائی سے دوچار کردیا اور تمام حربے استعمال کرنے کے بعد ناکام ہوکر اب لانگ مارچ کے نام پر ملک کو مزید پسماندگی اور مشکل کی دلدل میں دھکیل رہا ہے جبکہ توشہ خانہ میں گھڑی کا معاملہ ہی ان کی ایمانداری کو طشت ازبام کرنے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے چترال میں گندم کی سرکاری گودام میں عدم دستیابی پر بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اس پسماندہ ضلعے کے عوام کے لئے زندگی مشکل بنارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں جنگلات کے بچاؤ کے لئے مسلم لیگ حکومت کی عظیم منصوبہ گیس پلانٹ کو ختم کرنے پر بھی پی ٹی آئی کی سابق وفاقی حکومت اور پارٹی قیادت پر تنقیدکی اور اسے عوام دشمن پالیسی قرار دیا۔