
پاکستان فوج نویں طاقتور ترین فوجی طاقت ہے: گلوبل فائر پاور انڈیکس رپورٹ
پاکستان فوج نویں طاقتور ترین فوجی طاقت ہے: گلوبل فائر پاور انڈیکس رپورٹ
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) ویب گاہ ’گلوبل فائر پاور‘ نے دنیا بھر کی افواج کی طاقت کے حساب سے فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت امریکہ ہے جبکہ ٹاپ 10 میں پاکستانی فوج کا نواں نمبر ہے۔معاصر ویب گاہ اردو نیوز نے فہرست کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوجی لحاظ سے طاقتور ممالک میں امریکہ پہلے، روس دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے۔فہرست میں نویں نمبر پر موجود پاکستان کی فوج کی پاور انڈیکس ریٹنگ 0.1711 ہے۔دنیا کی طاقتور افواج کی فہرست کے مطابق انڈیا چوتھے، جنوبی کوریا پانچویں، برطانیہ چھٹے، جاپان ساتویں، ترکیہ آٹھویں اور اٹلی 10 ویں نمبر پر ہے۔دوسری جانب دنیا کی 10 کمزور ترین افواج رکھنے والے ممالک میں بھوٹان، ملڈووا، سرینیم، صومالیہ، بنین، لائبیریا، بیلیز، سیئرا لیون، سینٹرل افریقن ریپبلک اور آئس لینڈ شامل ہیں۔گلوبل فائر پاور انڈیکس کے تخمینے کے مطابق پاکستانی فوج کی موجودہ افرادی قوت 10 کروڑ 64 لاکھ سے زائد ہے اور اس لحاظ سے پاکستان 145 ممالک میں سے ساتویں نمبر پر ہے۔دوسری جانب پاکستان کی فوج میں فعال اہلکاروں کی تعداد چھ لاکھ 54 ہزار ہے اور اس لحاظ سے پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔’گلوبل فائر پاور انڈیکس‘ ہر سال فوجی قوت کے مطابق ممالک کی درجہ بندی کی فہرست جاری کرتا ہے۔ اس فہرست میں 145 ممالک کی رینکنگ کی بنیاد 60 سے زائد فیکٹرز کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے، جن میں ملٹری یونٹس کی تعداد، ملک کی معاشی پوزیشن اور جغرافیائی حیثیت جیسے عوامل شامل ہوتے ہیں۔