Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان، بیلاروس میں ادویات کی سپلائی سمیت مفاہمت کی 8 یاد داشتوں پر دستخط

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان، بیلاروس میں ادویات کی سپلائی سمیت مفاہمت کی 8 یاد داشتوں پر دستخط

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان اور بیلا روس کے درمیان فارمیسیز کی رجسٹریشن اور ادویات کی سپلائی سمیت مفاہمت کی 8 یاد داشتوں پر دستخط ہوگئے۔پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فارمیسیز کی رجسٹریشن،ادویات کی سپلائی، نیوٹریشن فوڈ، آٹوموبائل مصنوعات، جانوروں کی ادویات کی سپلائی اور لاجسٹک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری و باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی آٹھ یاداشتوں پر دستخط ہوگئے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور بیلاروس کے وزیر توانائی نے اسلام آباد میں بزنس فورم کی مشترکہ صدارت کی۔ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

 

حکام کے مطابق پاکستان کی جانب سے گرین کارپوریشن انیشی ایٹو اور بیلاروس کی ٹریکٹر ورکس کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ دونوں ممالک کی دوا ساز کمپنیوں کے درمیان 5 سالہ معاہدہ، فارمیسیز کی رجسٹریشن،ادویات کی سپلائی، نیوٹریشن فوڈ، آٹوموبائل مصنوعات، جانوروں کی ادویات کی سپلائی اور لاجسٹک کے شعبے کے ایم او یوز شامل ہیں۔وزیر تجارت جام کمال نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی آسان بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹرز پائیداری کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی تجارت اور رابطوں کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار ہیں۔ 2025 سے 2027 کے روڈ میپ پر اتفاق اورعملی اقدامات کریں گے۔جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان 25 کروڑ کی آبادی کے ساتھ دنیا کی چھٹی بڑی مارکیٹ اور خطے میں ٹرانزٹ تجارت کا مرکز بننے کے لیے پرعزم ہے۔ گوشت، ڈیری اور زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھائیں گے۔

 

وزیرِ خارجہ بیلاروس کی دفترِ خارجہ آمد، مختلف معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان کے دورے پر آئے بیلاروس کے وزیرِ خارجہ نے آج دفترِ خارجہ میں پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔پاکستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کی موجودگی میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو آج اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ بیلاروس کا 68 رکنی وفد گزشتہ شب اسلام آباد پہنچا ہے۔وفد میں بیلاروس کے خارجہ کے علاوہ توانائی، صنعت، مواصلات، قدرتی وسائل، ہنگامی حالات کے وزراء اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل ہیں۔سرکاری اعلامیے کے مطابق وفد میں بیلاروس کی 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔

 

 

بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا بیلاروس اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، ہم ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بیلاروس کے صدر کے دورے کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، پالیسی ریٹ مسلسل کم ہو رہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کر چکی ہے۔ پٹرول، آٹا، بجلی پچھلے سال کی نسبت اس سال سستے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب اور وفاق نے مجموعی طور پر 95 ارب روپے کی بجلی پر سبسڈی دی۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ عطا تارڑ نے کہا دوست ممالک کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے بیلارس کے صدر کا دورہ انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ پاکستان ترقی کرے گا، معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
95948