ٹورزم پولیس کو خیبر پختوخوا پولیس کے برابر مراعات دیے جائیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی میں فکس تنخوا پر گزارہ کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ ٹورزم پولیس
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے زیر انتظام کنٹریکٹ بنیاد پر بھرتی کئے جانے والے ٹورزم پولیس نے اتھارٹی اور صوبائی حکومت سے پر زورمطالبہ کیا ہے ۔ کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں فکس تنخوا پر گزارہ کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔ اور گھرکے اخراجات کیلئے مسلسل قرضے چڑھ رہے ہیں ۔ جن کی آدائیگی کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نےکہا ہے۔ کہ ٹورزم پولیس سیاحوں کی رہنمائی ، فسلیٹیشن ، ہوٹل چیکنگ ، ایمرجنسی مدد اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات مہیا کر رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے چترال میں سردیوں میں بھی سیاحت کو فروغ مل چکا ہے۔ اور بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح سردیوں میں بھی چترال آنے لگے ہیں ۔ لیکن خدمات فراہم کرنے والی ٹورزم پولیس حکومتی مراعات سے یکسر محروم ہے ۔ اور2022 کے فکس تنخواہ پر گزارہ کرنے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے نومنتخب وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور ، خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کہ انہیں خیبر پختوخوا پولیس کے مراعات دیے جائیں یا کے پی سی ٹی اے انہیں پراجیکٹ ملازمین کے برابر مراعات دے کر ان کو مایوسی و محرومیوں سے نکالنے کیلئے اقدامات کرے ۔

