ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پرفوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے… صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات کی ہے کہ صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کرایوں میں کمی کا جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام کرایوں میں 4.2 فیصد کمی پر عملدرآمد کے لیے فوری طور پراقدامات اٹھائیں اور من و عن کمی کو پبلک گاڑیوں پر نافذ کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر صورت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو فوری ریلیف پہنچانا چاہتی ہے اس لیے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد فوری طور پر نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا تاکہ عوام کو ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچ سکے.