Chitral Times

Dec 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواستوں کی وصولی 10 اور 11 فروری کو ہوگی

Posted on
شیئر کریں:

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواستوں کی وصولی 10 اور 11 فروری کو ہوگی

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواستوں کی وصولی کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ 10 اور 11 فروری کو کھلا رہے گا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواستیں صبح 8:30 سے شام 4:30 تک لی جائیں گی، درخواستوں پر سماعت 10 اور11 فروری کو بھی ہوں گی۔ترجمان نے کہا ہے کہ پٹیشن جمع کرانے کے لیے ضروری ہدایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، امیدوار ایس او پیز کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پٹیشنز کی 9 کاپیاں، ایک اصل اور 8 کاپیاں معہ مکمل تفصیل جمع کرانی ہوں گی، درخواست دہندہ درخواست کی سافٹ کاپی پی ڈی ایف میں مہیا کرے گا۔درخواست دہندہ جو بھی ان کے پاس ثبوت ہوں گے وہ یو ایس بی میں دیں گے، درخواست دہندہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، موجودہ پتہ اور رابطہ نمبر لکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ درخواست دہندہ مدعا علیہان کے مکمل کوائف اور پتہ تحریر کریں گے، وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے پر وکالت نامہ منسلک کرنا ہو گا، صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر موصول درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔

 

الیکشن کمیشن کی ریٹرننگ افسران کو فارم 45کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(سی ایم لنکس)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریزائیڈنگ افسران کے ذریعے فارم 45 کی فراہمی یقینی بنائیں۔فارم 45 سے متعلق پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسر فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹس سے دستخط کروائیں گے جس کے بعد پریزائڈنگ افسران فارم 45 پولنگ اسٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا، فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
85083