ون وےٹریفک ، بھاری جرمانے ،انتظامیہ کے خلاف تجار برادری کا بدھ کے روز شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) تجار یونین چترال نے بدھ کے دن چترال بازار میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ منگل کے دن شاہی بازار چترال میں صدرتجار یونین چترال شبیر احمد نے دکانداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بار بار دکانداروں کوتنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس کی وجہ سے پیشہ پیغمبری سے منسلک افراد کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ایک طرف گزشتہ کئی مہینوں سے بازار میں ٹریفک کو ون وے کرنے کی وجہ سے کڑوپ رشت سے لیکر اتالیق بازار تک لوگوں کی کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیاہے تو دوسری طرف انتظامیہ کی طرف سے دکانداروں کو بھاری جرمانہ نے کاروبار بند کرنے پر مجبور کردیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے ڈاکخانہ چوک پر واقع تین دکانوں کو بلاوجہ سیل کردیا گیا ہے ۔انھوں نے کل بدھ کے دن چترال کے تمام بازار غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات حل ہونے تک شٹر ڈاون ہڑتال جاری رہیگا۔
اس سلسلے میں جب دکانداروں سے پوچھا گیا تو انھوں نے صدر تجار کے اعلان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ تجار برادری انتظامیہ کی ناروا سلوک سے تنگ اکر ہڑتال کرنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال بازار میں سب ڈویژن مستوج اور لوٹکوہ کے عوام سودا سلف لینے کیلئے آتے ہیں مگر کڑوپ رشت کے مقام پر روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرنے کیو جہ سے مذکورہ کسٹمرز پھر پورانے بازار کی طرف آنے کی زحمت نہیں کرتے جس کیوجہ سے کڑوپ رشت بازار سے لیکر اتالیق بازار تک لوگوں کا کاروبار بری طرح متاثر ہے ۔ بعض لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔ اوبچوں کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہے ۔ مگر بار بار ضلعے کے اعلیٰ حکام سے ون وے ختم کرنے کی اپیل کے باوجو د کوئی بھی ٹس سے مس نہیں ہوا۔ جبکہ اس صورت حال کے دوران چترال کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے ساٹھ ہزار سے لیکر ایک لاکھ تین ہزار روپے تک فی دکاندار کا جرمانہ کرکے غریب دکانداروں کو مذید تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے کاروباری حضرات انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ دکانداروں کے مسائل حل ہونے تک شٹر ڈاون ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ دریں اثنا تجار برداری نے بدھ کے دن دس بجے پی آئی چوک میں انتظامیہ کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیاہے ۔ جس سے تجارنمائندگان خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحمہ عمل طے کریں گے .