Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی

Posted on
شیئر کریں:

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کے حوالے سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی کوٹے کے حوالے سے کمپیوٹرآئزڈ بیلیٹنگ کی جائے گی، ایک ہزار نشتیں ہارڈ شپ کیسز کے لیے مختص ہوں گی، 300 نشستیں مزدوروں یا کم آمدنی والے ملازمین جو کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ یا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ سے رجسٹر ہوں گے، ان کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر دستیاب ہو گی، حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ مقرر کیا گیا ہے،

 

 

ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہو گا، ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر اسٹاف میں سے ہی کیا جائے گا۔کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ دوارن حج انتقال اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضہ بڑھایا گیا ہے، انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کے بجائے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جب کہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ حجاج کی سہولت کے لیے ایک خصوصی حج مینجمنٹ ایپلی کیشن بنائی گئی ہے اور حجاج کی تربیت کے حوالے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔کابینہ نے حج بیلٹنگ میں ایسے افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جو پہلی مرتبہ حج کی ادائیگی کریں گے، اس نے مزید ہدایت کی کہ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر سعید اقبال، معظم احمد، مدیحہ خالد، عثمان حیدر اور محمد سجاد فاروقی کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ میں بطور پرائیوٹ ممبران تقرری کی منظوری دی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ و محصولات کی سفارش پر فارن کمرشل فنانسنگ فیسیلیٹی کی لندن انٹر بینک آفرڈ ریٹ لائیبر سے سیکیورڈ اوور نائیٹ فنانسنگ ریٹ سوفر پر منتقلی کے معاہدے کی بعد از دستخط توثیق کی۔

 

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ برائے مالی سال 2024 اور 25 کی منظوری دی۔کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر بحری جہازوں کی درجہ بندی کی سرٹیفکیشن کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پورٹس اینڈ شپنگز، کراچی اور بحریہ کلاسیفکیشن سوسائٹی کے درمیان معاہدے کی بھی منظوری دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود میں کمی، ملکی معیشت اور کاروبار کے لیے مثبت خبر ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد پر آگئی، مرکزی بینک نے گزشتہ چند ماہ میں شرح سود میں بتدریج کمی کی، شرح سود کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ ایسے ہی بہتری آتی رہی تو معیشت اچھے طریقے سے آگے بڑھیگی، معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں۔وزیر اعظم نے بتایا کہ دورہ سعودی عرب میں محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیات تھا۔وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کا وفد سعودی عرب روانہ ہوا ہے، بزنس ٹو بزنس ایم او یوز، سرمایہ کاری اور آئی ٹی سیکٹر کے ماہر افراد کے حوالے سے بات ہوگی، آذربائیجان سے بھی 2 ارب ڈالر کے ایم او یوز کا وقت آگیا ہے۔

 

پی آئی اے کی خریداری کیلئے خیبرپختونخوا حکومت ہر حد تک جائے گی: بیرسٹر سیف

پشاور(سی ایم لنکس)مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی خریداری کے لیے خیبرپختون خوا حکومت ہر حد تک جائے گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا.’ کہ وزیرِ اعلیٰ نے بولی کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، قومی اثاثے کو سیاسی مافیا کے چنگل سے آزاد کر کے منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی آئی اے کو اس نہج تک پہنچانے والوں کی بولی میں دلچسپی سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ جس نے منافع بخش ادارے کو تباہ کیا وہی بولی میں پیش پیش ہیں۔

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
95174