Chitral Times

Feb 9, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی وزیر برائے توانائی نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکل ٹرانزیشن کے لیے فرانس کے گرین فنڈ کی معاونت کی دعوت دی

Posted on
شیئر کریں:

وفاقی وزیر برائے توانائی نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکل ٹرانزیشن کے لیے فرانس کے گرین فنڈ کی معاونت کی دعوت دی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ )وفاقی وزیر برائے توانائی، اویس احمد خان لغاری نے پاکستان میں چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے فرانس کے گرین فنڈ کے استعمال کی تجویز پیش کی ہے۔یہ تجویز وفاقی وزیر نے آج اسلام آباد میں پاکستان میں فرانس کے سفیر، نکولس گیلے، سے ملاقات کے دوران پیش کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے حال ہی میں اپنی الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی متعارف کروائی ہے، جو سالانہ اربوں ڈالر کے ایندھن کی بچت کرے گی اور ماحولیاتی تحفظ میں مدد دے گی۔ اس کے علاوہ، یہ پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو کم کرکے عوام پر بوجھ بھی کم کرے گی۔

 

فرانس کے سفیر نے توانائی کے شعبے میں آزاد پاور پروڈیوسرز (IPPs) کے ساتھ پاکستان کی مؤثر بات چیت اور معاہدوں کے خوشگوار جائزے کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ 28 آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں قومی سطح پر 1.4 ٹریلین روپے کی بچت ہوگی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان جلد ہی بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے لیے وہیلنگ پالیسی متعارف کرانے والی ہے، جس سے اضافی بجلی کی مؤثر تقسیم یقینی بنے گی۔ مزید برآں، اضافی بجلی کی نیلامی کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے حکومتِ پاکستان توانائی کے کاروبار سے علیحدگی اختیار کرے گی، جس سے ایک مسابقتی ماحول پیدا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان نے بیشتر تقسیم کار کمپنیوں میں آزاد بورڈز تعینات کیے ہیں۔ یہ غیرجانبدار بورڈز ریکوری ریٹس کو بہتر بنا رہے ہیں اور لائن لاسز کو نمایاں طور پر کم کر رہے ہیں۔

 

حکومت شمسی توانائی کے فروغ کو بھی ترجیح دے رہی ہے۔اویس احمد خان لغاری نے زور دیا کہ تمام اصلاحات شفافیت کے ساتھ نافذ کی جا رہی ہیں، جس سے توانائی کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی قابل تجدید اور سبز توانائی کے منصوبوں میں شاندار پیشرفت کو بھی سراہا۔فرانس کے سفیر نے کہا کہ فرانس پاکستان کی ای وی منصوبوں اور دیگر توانائی اصلاحات کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر غور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے لیے گئے اصلاحاتی اقدامات حوصلہ افزا ہیں اور مثبت نتائج دیں گے۔دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار اور ماحول دوست منصوبوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98150