وفاقی حکومت گرفتار زخمی اہلکاروں سے زبردستی ویڈیوز ریکارڈ کروا رہی ہے،. بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وفاقی حکومت گرفتار زخمی اہلکاروں سے زبردستی ویڈیوز ریکارڈ کروا رہی ہے،. بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عطا تارڑ مبالغہ آرائی کے ذریعے اپنی تشہیر میں مصروف ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت گرفتار زخمی اہلکاروں سے زبردستی ویڈیوز ریکارڈ کروا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عطا تارڑ پر بھی کارکنوں کی طرح تشدد کیا جائے تو وہ شاید افغانستان میں احمد شاہ مسعود پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کر لیں گے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ مظاہروں کی فوٹیج مانگنا وفاقی وزیر عطا تارڑ کی نااہلی اور لاعلمی کا واضح ثبوت ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تجویز دی کہ عطا تارڑ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز دیکھیں، جن میں واضح طور پر کارکنوں پر فائرنگ ہوتی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں مظاہرین کی لاشیں دکھائی دے رہی ہیں، اور یہ ظلم کسی طور چھپایا نہیں جا سکتا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ زخمی اہلکاروں کو خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور ان پر مزید دباؤ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔مشیر اطلاعات نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت اپنی مرضی سے بنائی گئی ویڈیوز کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عطا تارڑ کو مشورہ دیا کہ وہ میڈیا پر جعلی فوٹیجز نہ دکھائیں اور حقیقت کو تسلیم کریں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کی فوٹیجز بھی وفاقی حکومت کے ظلم و بربریت کا ثبوت ہیں، اور ان حقائق کو دنیا سے چھپایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کارکن زخمی نہیں ہوئے تو انہیں ہسپتالوں میں کیوں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص مظاہرین پر فائرنگ کرتا ہے، تو حراست میں لے کر ان پر تشدد کرنا کون سا انصاف ہے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔