Chitral Times

Jul 17, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاق،صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ ملکی صنعت کا پہیہ بغیرکسی مشکل اور رکاوٹ کے چلتا رہے،گورنر

Posted on
شیئر کریں:

وفاق،صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ ملکی صنعت کا پہیہ بغیرکسی مشکل اور رکاوٹ کے چلتا رہے،گورنر

صنعت وتجارت کی ترقی سے ملکی معیشت مستحکم،بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے،گورنر حاجی غلام علی

گورنرسے انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندہ وفدکی ملاقات، مختلف مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ وفاق اورصوبائی حکومت صنعت و انڈسٹری کی ترقی کیلئے نہ صرف پوری کوشش کررہی ہے بلکہ ایسے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے کہ جس سے ملکی صنعت کا پہیہ بغیرکسی مشکل اور رکاوٹ کے چلتا رہے۔ صنعتی مشکلات اوربزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کاخاتمہ اپنااولین فرض سمجھتاہوں کیونکہ صنعت وتجارت کو مشکلات سے نکالنے سمیت ملکی انڈسٹری کوسہولیات کی فراہمی سے ہی نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ بے روزگاری  کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔
 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس پشاور میں انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندہ وفد نے صدر ایوب خان زکوڑی کی قیادت میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔  وفد میں سابق صدر ریاض ارشد، سیکرٹری جنرل مقتصد احسن، ملک نیاز احمد، جنید الطاف، فرہاد اسفندیار، فیصل صافی اور وصی اللہ شامل تھے۔ وفدنے گورنر کو اندسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کے مسائل و مشکلات بالخصوص لیبرڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سوشل سیکورٹی، بجلی وگیس چارجز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایاکہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پولیس کے ساتھ تعاون و سہولیات کو یقینی بنارہی ہے اور اس حوالے سے انسپکٹرجنرل آف پولیس سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں حیات آباد پولیس چوکی کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کرنے کی بات ہوئی تھی جس کا پی سی ون بھی مکمل ہوگیا لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث یہ کام مکمل نہیں ہوسکا۔ موجودہ حالات کی تناظر میں حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پولیس چوکی کا قیام جلد ازجلد ہوناچاہئیے۔ وفد نے مختلف ادویات تیارکرنیوالے فارماسوئیٹیکل کمپنیوں کو ہمسایہ ملک افغانستان برآمد کرنے سے متعلق درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہاکہ ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور اور انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن کے اراکین افغان قونصل جنرل سے مشترکہ ملاقات میں اس مسئلے کے حل کیلئے کوشش کی جائیگی۔ گورنرنے باقی ماندہ مسائل کو متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر فوری حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔ وفد کے شرکاء نے بزنس کمیونٹی اور عوام کی بے لوث خدمت پرگورنرکو خراج تحسین بھی پیش کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہناتھاکہ صنعتی شعبے کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے،پشاورسمیت ملک بھر کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کی ملکی ترقی میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، صنعتوں اور صنعتکاروں کی بدولت ملک میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ  بزنس کمیونٹی اس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے نہ صرف معیشت کو سنھبالہ دے رکھا ہے بلکہ کئی ایک کو روزگار بھی فراہم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھی یہ خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات مہیاں کئے جائیں اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔#


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81376