
وزیر بلدیات کی ہدایت پر اپر چترال میں کلین کے پی، مائی ڈریم کے پی صفائی مہم کا آغاز
صوبے میں صفائی صورت حال پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ شہرام خان ترکئی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر ضلع اپر چترال میں ہفتہ صفائی اور صاف پختونخوامیرا خواب پختونخوا مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ٹی ایم اے نے عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا۔ اپر چترال کی دور افتادہ اور سرحدی علاقے کی ٹی ایم اے موڑ کہو نے اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ٹی ایم اے کا تمام عملہ ہیوی مشینری کے ذریعے اس مہم میں حصہ لے گا۔ اس مہم کے دوران صفائی کے ساتھ ساتھ شجر کاری بھی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے دور افتادہ علاقوں کی ٹی ایم ایز کے افسران کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف پختونخوا۔میرا خواب پختونخوا مہم پورے صوبے میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں۔ صفائی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبے کو صاف اور سرسبز رکھنے کے لیے محکمہ بلدیات ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے۔