وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کے عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس، متعلقہ افراد سے وضاحت طلب
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کے عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس، متعلقہ افراد سے وضاحت طلب
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کے عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کی ہے۔ وزیراعلی نے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سرکاری حکام، حکومتی عہدیداروں اور منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے یہ عمل حکومتی اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے اور ایسا کرنے سے پیکیج حاصل کرنے والے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایک شفاف طریقے سے ساڑھے آٹھ لاکھ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکیج دیا اورمستحق خاندانوں کی عزت نفس کے پیش نظر رمضان پیکج بنک اکاونٹس کے ذریعے تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس شہدا کے ورثاءسمیت ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو عید پیکیج بھی دیاگیا، پارٹی اور حکومت کی پالیسی تھی کہ عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے سے اجتناب کیا جائے اور یہی وجہ ہے کہ بحثیت وزیر اعلی میں نے عید پیکیج تقسیم کرنے کی کسی تقریب میں شرکت کی اور نہ ہی پیکیج تقسیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور پارٹی کی واضح پالیسی کے باوجود چند حکومتی عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی مستحقین میں عید پیکیج کی تقسیم کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز عام ہوئیں جس پر ان متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف محض تشہیر کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے اورآئیندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ امداد یا پیکیج تقسیم کے نام پر کسی کی بھی عزت نفس کو مجروح نہ ہونے دیا جائے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا آسٹریلین جونئیر سکواش چمپئن شپ 2024 میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی پر انہیں مبارکباداور نیک خواہشات کا اظہار
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے آسٹریلین جونئیر سکواش چمپئن شپ 2024 میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تہنیتی بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ آسٹریلین جونئیر سکواش چمپئن شپ2024 کے مختلف کٹیگریز میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں ماہ نور علی، مہوش علی، فواد خان، یحی خان اور ابراہیم زیب نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میڈلز جیت لئے جس پر وہ مبارکبادکے مستحق ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبے کا نام روشن کیا اور امید ہے یہ جونئیر کھلاڑی سکواش کے میدان میں پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وڑن کے مطابق کھیلوں کا فروع موجود صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے مربوط اقدامات اٹھائے گی، کھیلوں کے شعبے میں باصلاحیت نوجوانوں کی بھر پور سرپرستی کی جائے گی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا عید الفطر کے دنوں صوبے کے مختلف اضلاع میں دریاوں میں ڈوبنے اور ٹریفک حادثات سمیت دیگر مختلف واقعات میں درجن سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عید الفطر کے دنوں صوبے کے مختلف اضلاع میں دریاوں میں ڈوبنے اور ٹریفک حادثات سمیت دیگر مختلف واقعات میں درجن سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر اعلی ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ریسکیو حکام کو ہدایت کی ہے کہ دریاو ¿ں میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والوں کو ڈھونڈنے کے لئے سرچ آپریشن تیز کیا جائے، اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حکام سرچ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔