Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پاک آسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں قائم شدہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز اور ٹیکنالوجی پارک کا باضابطہ افتتاح کیا

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پاک آسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں قائم شدہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز اور ٹیکنالوجی پارک کا باضابطہ افتتاح کیا

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے جمعرات کے روز پاک آسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ضلع ہری پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نو قائم شدہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز اور ٹیکنالوجی پارک کا باضابطہ افتتاح کیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، صوبائی وزراءمینا خان آفریدی اور ارشد ایوب اور دیگر بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔ سکول آف پیرامیڈیکل سائینسز صوبائی حکومت کے تعاون سے 283 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے جو اس وقت ہیلتھ ایجوکیشن کے مختلف شعبوں میں 38 بیچلرز، 18 ماسٹرز جبکہ 8 پی ایچ ڈی پروگرامز آفر کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تربیتی ادارہ 20 مختلف شعبوں میں ڈپلومہ کورسز بھی کروا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی پارک 992 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سکول آف پیرامیڈیکل سائینسز کے لئے 30 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز شعبہ صحت کی بہتری کے لئے صوبائی حکومت کے مشترکہ عزم اور باہمی تعاون کا عکاس ہے، یہ سکول ہنرمند پیرا میڈیکل افرادی قوت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاک آسٹریا فخا شولے انسٹیٹوٹ میں قائم کیے گئے ٹیکنالوجی پارک کو بھی صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ یہ پارک ٹیکنالوجی کی بنیاد پر معیشت کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پارک ریسرچ کی کمرشلائزیشن اور انٹر پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک آسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ ملکی سطح کا ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے جو اپنے اہداف کی تکمیل کے لئے کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔ اس ادارے کے فارع التحصیل طلبہ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس ادارے کو ملکی سطح پر ایک بہترین تعلیمی ادارہ بنانے پر انتظامیہ اور فیکلٹی کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم موجودہ صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر بھی خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔ نوجوانوں پر وسائل لگائے جائیں گے تو وہ سرمایہ بنیں گے۔

 

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق اپنے لوگوں پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرے گی۔لوگوں پر وسائل خرچ کرنا اور انہیں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، بدقسمتی سے ماضی میں ریاست نے اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اگر ہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنے لوگوں پر وسائل لگانے ہونگے۔ صوبائی حکومت بچیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، والدین بھی اپنی بچیوں پر زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ وزیر اعلی نے والدین سے بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں کے لئے وہی شعبے چنیں جن میں بچوں کی دلچسپی ہو تاکہ وہ بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔ علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لئے بڑے اہداف مقرر کریں اور ان اہداف کے حصول کے لئے سخت محنت کریں، زندگی میں کامیاب ہونے اور نام کمانے کے لئے محنت شرط ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

 

 

chitraltimes cm kp ali amin gandapur inagurated pak austria institute and park 3 chitraltimes cm kp ali amin gandapur inagurated pak austria institute and park 2

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
95597