
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے زیر اہتمام انٹر کالج اسپورٹس گالا 2025 کا افتتاح کر دیا، سپورٹس گالا میں صوبے کے آٹھ زونز سے 320 کالجوں کے دو ہزار طلبہ شرکت کر رہے ہیں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے زیر اہتمام انٹر کالج اسپورٹس گالا 2025 کا افتتاح کر دیا، سپورٹس گالا میں صوبے کے آٹھ زونز سے 320 کالجوں کے دو ہزار طلبہ شرکت کر رہے ہیں
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے زیر اہتمام انٹر کالج اسپورٹس گالا 2025 کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے علاوہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر حکام، اساتذہ، طلبہ اور کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ٹرافی کی نقاب کشائی کرکے اسپورٹس گالا کا آغاز کیا جبکہ کھلاڑیوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
اس موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ سپورٹس گالا میں صوبے کے آٹھ زونز سے 320 کالجوں کے دو ہزار طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔ اسپورٹس گالا میں 13 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جن میں کرکٹ، فٹبال، ہاکی ، باسکٹ بال، والی بال، تھرو بال، ہینڈ بال، ٹیبل ٹینس ، بیڈمنٹن، اسکواش، کبڈی،چاک بال اور نیٹ بال شامل ہیں۔ کھیلوں کے یہ مقابلے تین مختلف اضلاع پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے اسپورٹس کمپلیکسز میں منعقد ہوں گے۔ اس سے پہلے زونز کی سطح پر انٹر کالجیٹ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا جن میں جیتنے والی ٹیمیں بھی اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور مجھے فخر ہے پختونخوا کے حوالے سے جو خواب بانی چیئرمین نے دیکھا تھا وہ ہم پورا کر رہے ہیں۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار انٹر کالج سپورٹس گالا منعقد ہو رہا ہے اور اب یہ ہر سال منعقد ہوگا۔ طلبہ کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ، کھیل اور تعلیم دونوں میدانوں میں ، محنت کریں اور اپنا نام بنائیں۔ طلبہ دل لگا کر محنت کریں اور ہر شعبے میں ملک و صوبے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس مین مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں ، آگے وہی لوگ جاتے ہیں جو حالات کا مقابلہ کرنا سیکھ لیتے ہیں۔ جتنا بڑا مقابلہ ہوگا اسے جیت کر اتنا ہی بڑا نام ہوگا۔ ہمارے صوبے نے کھیلوں کے شعبے میں اپنا ایک الگ مقام بنایا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حسد اور عدم تخفظ دونوں بیماریاں ہیں ، آپ نے ان سے بچنا ہے۔ ہم نے اچھی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، ملکی مفاد کے لیے ذاتی مفاد کو قربان کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سپورٹس گالا میں کھیلنے والی ٹیموں کے لیے معمول کے انعامات کے علاوہ مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ سکولوں و کالجوں کے سپورٹس کٹس خریدنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے، خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے، یہ آمدن ہم اپنے لوگوں خصوصاً نوجوانوں پر لگائیں گے۔صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔