
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکا صوبے کی سرکاری جامعات میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے لئے دس سالہ اسٹریٹجی 35-2025 تیار کرنے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکا صوبے کی سرکاری جامعات میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے لئے دس سالہ اسٹریٹجی 35-2025 تیار کرنے کا فیصلہ
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سرکاری جامعات کا چانسلر بننے کے بعد صوبے کی سرکاری جامعات میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے لئے ایک اہم اقدام کے طور دس سالہ اسٹریٹجی 35-2025 تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دس سالہ اسٹریٹیجی شعبہ اعلیٰ تعلیم کے ٹرانسفارمیشن پلان کے طور پر کام کرے گی جس کا مقصد جامعات کو تعلیمی، انتظامی اور تحقیقی لحاظ سے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
مزید برآں ، یہ اسٹریٹیجی سرکاری جامعات کو مالی بحرانوں سے نکال کر انہیں خود کفیل اور خود انحصار بنانے کے لئے روڈ میپ بھی فراہم کرے گی۔ منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو اس سلسلے میں مراسلہ ارسال کر دیا گیا یے جس میں 21 دنوں کے اندر مجوزہ دس سالہ اسٹریٹیجی کا جامع مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مسودے کو باضابطہ سرکاری دستاویز کی حیثیت دینے کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ اسٹریٹیجی واضح اور قابل عمل اہداف، ٹائم لائنز اور موثر مانیٹرنگ میکنزم پر مشتمل ہو۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسٹریٹیجی پر من و عن عملدرآمد ممکن بنانے کے لئے قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات بھی تجویز کی جائیں جبکہ اسٹریٹیجی کی تیاری میں ان جامعات میں فیکلٹی ڈیویلپمنٹ، فنانشل منیجمنٹ، ریسرچ ایکسلنس، گورننس اسٹرکچر اور اسٹوڈنٹ آوٹ کم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اسٹریٹجی کی تیاری میں گذشتہ سالوں کے دوران جامعات میں اصلاحات کے لئے مختلف سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں کی رپورٹس اور سفارشات کا جائزہ لیا جائے اور اسٹریٹیجی میں جامعات کی مالی خود کفالت کے لئے آمدن پیدا کرنے، غیر ضروری مراعات میں کمی کرنے اور جامعات کے اثاثوں کے مؤثر استعمال کے لئے اہداف کا تعین کیا جائے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جامعات میں ریسرچ سرگرمیوں کو کارآمد بنانے کے لئے ہائی ایمپیکٹ پبلیکیشنز، انڈسٹری فنڈڈ ریسرچ اور ترجیحی شعبوں میں سنٹرز آف ایکسیلنس کے قیام کے لئے اسٹریٹجی میں قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جامعات سے فارع التحصیل ہونے والے طلبہ کے روزگار حاصل کرنےکی شرح کو بڑھانے کے لئے بھی اقدامات تجویز کئے جائیں۔
جامعات میں فیکلٹی ڈیویلپمنٹ کے لئے ریگولرٹریننگ پروگرامز اور غیر ملکی جامعات کے ساتھ شراکت داری کے لئے اہداف کا تعین کیا جاے۔ اسی طرح جامعات میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لئے آرٹیفیشل اینٹیلجنس پر مبنی منیجمنٹ سسٹم، ہائبرڈ آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز کے فروغ کے لئے سفارشات شامل کی جائیں۔ جامعات میں گورننس اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں وائس چانسلرز کے KPIs، ماہانہ ریویو فریم ورک اور یونیورسٹی گورننس اسکور کارڈ مرتب کرنے کے لئے اسٹریٹجی میں تجاویز شامل کی جائیں ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار خاندان کے نام یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔