Chitral Times

Feb 14, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بعض اضلاع میں ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بعض اضلاع میں ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا

 پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ )  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بعض اضلاع میں ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے اور ان کی جگہ میرٹ کی بنیاد پر پروفیشنل اور قابل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ہدایت انہوں نے محکمہ صحت کے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی، سیکرٹری صحت شاہد اللہ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد سلیم کے علاوہ ڈائریکٹر انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے شرکاءکو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے اغراض و مقاصد ، ذمہ داریوں، کارکردگی، چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ کے علاوہ محکمہ صحت کی جانب سے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹس پر کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹس پر فوری ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ صحت آئی ایم یو کی رپورٹس پر کارروائیوں کی تفصیل بھی فراہم کرے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام مراکز صحت کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور خدمات و سہولیات فراہمی سے متعلق عام لوگوں کا فیڈ بیک بھی لیا جائے۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کی حوصلہ افزائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں میں موجود غیر فعال مشینری و  طبی آلات کو فوری طور پر فعال بنانے اور سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ غیر حاضری کے عادی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے خلاف بھرپور ایکشنز لیے جائیں۔ مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، اس میں کو ئی نرمی نہ برتی جائے۔  اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئی ایم یو کی جانب سے مراکز صحت کے ماہانہ اوسطً 3972 مانیٹرنگ وزٹس کیے جاتے ہیں جن میں سے بنیادی مراکز صحت کے 3428 جبکہ سیکنڈری مراکز صحت کے 544 مانیٹرنگ وزٹس کیے جاتے ہیں۔ سال 2024 کے دوران پرائمری اور سیکنڈری مراکز صحت کے کل 36244 مانیٹرنگ وزٹس کیے گئے ہیں جن میں سے 6094 وزٹس صرف ضم اضلاع کے ہیں۔ وزٹس کی ماہانہ رپورٹس تیار کر کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فیصلہ سازی کے لیے بھیجی جاتی ہیں۔ رپورٹس مراکز صحت کی صفائی ستھرائی ، ڈاکٹرز و طبی عملے، طبی آلات و مشینری، ادویات اور عوامی اطمینان سے متعلق ہوتی ہیں۔ آئی ایم یو کی جانب سے پاپولیشن ویلفیئر سنٹرز کی بھی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال پاپولیشن ویلفیئر سنٹرز کے تقریباً 9 ہزار وزٹس کیے گئے ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر ( 5فروری) کی مناسبت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خصوصی پیغام

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی اس جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے جسے ریاستی جبرو تشدد کے ذریعے کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا، ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تب تک کھڑے رہیں گے جب تک انہیں ان کا یہ بنیادی حق مل نہیں جاتا۔ علی امین خان گنڈا پور نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سے وابستہ ہے، دنیا کو اس اہم مسئلہ کی نزاکت کوسمجھنا ہوگا اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں، اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی، ہم حق آزادی کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی بہادری ، استقامت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انشاءاﷲان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے گزشتہ ساڑھے پانچ سالوں سے یکطرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جو پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگرتنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو چا ہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس موثر انداز میں کشمیر کا مقدمہ اُٹھایا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت بھی عمران خان کے وژن کے مطابق مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98778