
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا ڈرونز کو گرا کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا ڈرونز کو گرا کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پاکستان کے خلاف بھارت کی بلا اشتعال جارحیت اور ملک کے مختلف شہروں میں بھارتی ڈرونز حملوں کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور ان کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے ہمارے سکیورٹی ادارے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈرونز کو گرا کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر سکیورٹی فورسز کے جوان داد کے مستحق ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فاشسٹ حکومت مسلسل دو دنوں سے ہماری شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، بھارت کا یہ اقدام انتہائی شرمناک، قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔مودی حکومت پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحیت سے باز آئے، ورنہ نتائج کے لئے تیار رہے۔ مودی حکومت کی یہ جارحانہ پالیسی نہ صرف خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے بلکہ خود بھارتی عوام کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ ہماری سکیورٹی فورسز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ہماری بہادر مسلح افواج کی موثر جوابی کاروائیوں نے دشمن کو سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔دشمن کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے قوم کا ہر فرد اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑا ہے اور ہم دشمن کو ایسا جواب دیں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔