Chitral Times

Mar 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے رواں سال موسم بہار کے دوران شجرکاری کےلئے خصوصی احکامات جاری کردی

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے رواں سال موسم بہار کے دوران شجرکاری کےلئے خصوصی احکامات جاری کردی

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے رواں سال موسم بہار کے دوران شہری علاقوں میں شجرکاری کےلئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے محکمہ جنگلات و ماحولیات اور بلدیات کو وزیر اعلیٰ کے احکامات پر مشتمل باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں شہروں اور نواحی علاقوں میں شجرکاری کے عمل میں موسمیاتی، ماحولیاتی، جمالیاتی، معاشی اور سماجی پہلووں کو مدنظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

 

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہروں اور نواحی علاقوں کے مقامی آب و ہوا اور موسمیاتی اثرات سے مطابقت رکھنے والے پودوں کا استعمال کیا جائے،شجرکاری کےلئے ایسے پودوں کا انتخاب کیا جائے جن کو زیادہ دیکھ بال کی ضرورت نہ ہو اور ایسے پودوں کو ترجیح دی جائے جو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی استحکام کےلئے مفید ہوں۔ مزید برآں شہری علاقوں میں جگہ کی قلت اور ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر چھوٹے پودوں کی بجائے نسبتاً بڑے سائز کے درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ شہری علاقوں میں شجرکاری کےلئے عام درختوں کے ساتھ ساتھ پھلدار درخت لگانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

 

علاوہ ازیں شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کےلئے سڑکوں اور نہروں کے اطراف، عوامی پارکوں، باغوں اور چوراہوں پر پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح زیادہ گنجان آباد علاقوں میں میاواکی پلانٹیشن اور ورٹیکل فارسٹ کے طریقہ کار اپنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی کہ شہری علاقوں میں شجرکاری مہم پر موثر عملدرآمد اور اسے دیرپا بنانے کےلئے محکمہ جنگلات اور بلدیات دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی روابط قائم کریں، شجرکاری کے عمل میں توانائی کی بچت اور شہری علاقوں میں درجہ حرارت اور کاربن کے اثرات میں کمی اور زمین کے کٹاو کی روک تھام جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جائے۔ مراسلہ میں واضح کیا گیا کہ شہری علاقوں میں شجرکاری کی تمام سرگرمیاں اربن فارسٹ پالیسی کے عین مطابق ہونی چاہئے۔ اس کے علاوہ محکمہ بلدیات شجرکاری کےلئے تمام سرکاری زمینوں اور کھلے مقامات کا استعمال یقینی بنائے۔

 

مراسلے میں میونسپل حکام کو نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کےلئے شجرکاری کی شرائط پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی گئی کہ وزیر اعلیٰ کے ان احکامات پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کےلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے اور اربن پلانٹیشن مہم پر پیشرفت، درختوں کی دیکھ بھال اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ مراسلے میں مذکورہ دونوں محکموں کو تاکید کی گئی کہ وزیر اعلیٰ کے ان احکامات کو اپنی پلانٹیشن اسٹریٹجی کا مستقل حصہ بنائیں اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

 

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلووں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں مولانا حامد الحق اور دیگر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مولانا حامد الحق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ شہید کی سیاسی و مذہبی خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو  بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عبادت گاہ میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانا بنانا غیر انسانی فعل ہے، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دلخراش واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99669