وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے ہیڈ ظاہر شاہ کی قیادت میں ٹیم کا آیون کالاش ویلیز روڈ کا معائنہ اور آیون میں عوام سے خطاب
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے ہیڈ ظاہر شاہ نے آیون کالاش ویلیز روڈ کے معائنے کے بعد آیون میں مقامی عمائدین سے مختصر خطاب کیا ۔ اس موقع پر انجنئیر صفدر علی ممبر انسپکشن ٹیم ، اور قیصر الرحمن ڈپٹی ڈائریکٹر وزیر اعظم پی ایم آئی سی ، صدر مسلم لیگ ن چترال لوئر عبدالولی ایڈوکیٹ ، محمد کوثر ایڈوکیٹ اور نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے ۔ ہیڈ انسپکشن ٹیم ظاہر شاہ نے کہا کہ چترال کے سیاسی لوگوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ اور انہیں چترال کے روڈز کے بارے میں احساس دلایا۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے اپنے احکامات کے ذریعے ہم پر یہ ذمہ داری ڈال دی ۔ کہ چترال کے سڑکوں کے حوالے سے ہم رکاوٹوں کی نشان دہی کریں کہ آخر یہ منصوبے صوبائی حکومت ، این ایچ اے یا کنسلٹنٹ کس کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں ۔ ہم نے این ایچ اے کو پہلے بھی بلایا ۔ اور اب بھی بلائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں فنڈ کا نہ ہونا سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کیونکہ گذشتہ چار سالوں کے دوران ملک کے معاشی حالات اچھے نہیں تھے ۔ اب خدا کے فضل سے ملک کےحالات بہتر ہیں ، اور مزید بہتری کی طرف جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا،ہم نے گورنر اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو بھی اعتماد میں لیا ہے ۔ اب روڈ کی تعمیر کے کام کیلئے آپ کو سالوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا ۔ بلکہ یہ اب مہینوں کی بات ہے ۔ انہوں نے عبدالولی ایڈوکیٹ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اور بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں عبدالولی ایڈوکیٹ اور چیرمین وی سی آیون ون وجیہ الدین ، عنایت اللہ اسیر نے آیون کالاش ویلیز روڈ پر کام کی بندش سے علاقے کو ہونے والے نقصانات اور مشکلات کے بارے میں انسپکشن ٹیم کو آگاہ کیا ۔




