Chitral Times

Mar 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کے زیر نگرانی ٹیوٹا اور بینک آف خیبر کے مابین احساس ہنر پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم کے زیر نگرانی ٹیوٹا اور بینک آف خیبر کے مابین احساس ہنر پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

 

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ احساس ہنر پروگرام وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوبے کے نوجوانوں کے لئے ایک منفرد فلیگشپ منصوبہ ہے، جس کے تحت صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دئیے جائیں گے جس سے وہ اپنے لئے خود روزگار شروع کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بینک آف خیبر اور ٹیوٹا کے مابین احساس ہنر پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹری عامر آفاق، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر بینک، منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا ودیگر حکام بھی موجود تھے۔

 

اس منصوبے کو بینک آف خیبر کے ذریعے نافذ العمل کیا جائے گا۔ اس منصوبہ کے لئے 3 ارب روپے سے زائد فنڈ مختص کی گئی ہے جبکہ امسال 2024-25 کے لیے 200 ملین روپے رکھیں گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت صوبے کے تقریباً 35000 ہنر مند نوجوانوں کو یہ قرضے دئیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت ہر ہنر مند نوجوان کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ دیا جائے گا جو کہ 36 اقساط پر محیط ہوگا یعنی اس قرضے کی واپسی 36 مہینوں میں مکمل کی جائے گی۔ اسی طرح اس منصوبے سے وہ ہنر مند افراد مستفید ہو سکیں گے جو کہ خیبرپختونخوا کے سکونتی ہوں اور ان کی عمر 18 سے 40 سال اور انکے پاس سکل سرٹیفکیٹ یا ڈپلومہ ہوں۔ مفاہمتی یاداشت کے موقع پر معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے احساس ہنر پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ہمارا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99871