وزیراعلیٰ کا صوبے کے پروفیشنل ڈگری ہولڈرز کو اپنا کاروبار و سٹارٹ اپس شروع کرنے کے لیے 2 ارب روپے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا اعلان،
انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور کے کانوکیشن تقریب سے خطاب
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ہفتہ کے روز انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور کے کانووکیشن 2025 میں شرکت کی اور گریجویٹس کو ڈگریاں اور گولڈ میڈلز دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے مجموعی طور پر 260 گریجویٹس کو ڈگریاں دیں جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 6 گریجویٹس کو گولڈ میڈلز اور 6 کو سلور میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، یونیورسٹی انتظامیہ و فیکلٹی ، گریجویٹس اور انکے والدین بھی کانووکیشن میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گریجویٹس ان کے والدین، اور یونیورسٹی فیکلٹی کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ گریجویٹس پروفیشنل لائف میں داخل ہو رہے ہیں ، محنت کر کے ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ” صوبے کے پروفیشنل ڈگری ہولڈرز کو اپنا کاروبار و سٹارٹ اپس شروع کرنے کے لیے 2 ارب روپے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، گریجویٹس صرف ملازمتوں کے حصول پر توجہ نہ دیں بلکہ جدید کاروبار اور اسٹارٹ اپس کی طرف قدم بڑھائیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اقوام جو آج جدید تحقیق اور سائنسز میں سرمایہ کاری کریں گی وہی مستقبل کی قیادت کریں گی۔پاکستان کی معیشت کا مستقبل تحقیق، جدت، اور مقامی حل پر مبنی اسٹارٹ اپس پر منحصر ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ” انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز جیسے معیاری تعلیمی ادارے کے کانووکیشن میں شرکت میرے لئے خوشی کا باعث ہے، مجھے ایسے ادارے میں جا کر خوشی ہوتی ہے جو اپنے پاوں پر کھڑے ہوں کیونکہ ایسے ادارے حقیقی معنوں میں خودمختار ہوتے ہیں”۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے تمام اداروں کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے اور انہیں منافع بخش بنانے پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کےلئے اسلامی اصولوں پر کار بند ہونا ضروری ہے، ہمارا ماضی ہم خود بناتے ہیں اور ہمیں اسے ایسا بنانا چاہیے کہ ہم اس پر فخر کر سکیں۔ عظیم لوگوں میں شامل ہونے کے لیے اسلامی تعلیمات اور اقدار پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشش کرتے رہیں ایک دن ضرور کامیاب ہونگے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ہفتہ کے روز ضلع نوشہرہ کا دورہ، ، نو تعمیر شدہ جڑوبہ ڈیم کا باضابطہ افتتاح
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ہفتہ کے روز ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے نو تعمیر شدہ جڑوبہ ڈیم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ صوبائی وزراء، عاقب اللہ خان ، میاں خلیق الرحمان کے علاو ¿ہ نوشہرہ سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ جڑوبہ ڈیم 777 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ، ڈیم سے 930 ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لایا جائے گا۔ 115 فٹ اونچا اور 697 فٹ چوڑا یہ ڈیم آبپاشی کےلئے 4.65 کیوسک پانی فراہم کرے گا۔ اس کے علاو ہ ملحقہ دیہات کی آبپاشی کےلئے 6.15 کلومیٹر طویل نہربھی تیار کی گئی ہے۔ آبپاشی کے علاو ¿ہ یہ ڈیم پانی ذخیرہ کرنے اور گھریلو استعمال کےلئے پانی کی فراہمی کو بھی بہتر بنائے گا۔ جڑوبہ ڈیم 0.75کیوسک پینے کا پانی فراہم کرے گا جو 22 ہزار افراد کی آبادی کےلئے کافی ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے ڈیم کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ جڑوبہ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ صوبائی حکومت نے مکمل کر دیا ہے مقامی لوگ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ وزیر اعلیٰ نے جڑوبہ میں پینے کے پانی مسئلہ حل کرنے کے لیے دو کروڑ روپے اور علاقے میں میں باقی ماندہ دو کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اگلے سال کے بجٹ میں جڑوبہ میں آر ایچ سی ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شامل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریرمیںجڑوبہ کے ڈھائی سو مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم کی فراہمی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کو لوگوں کو درپیش مسائل کا ادراک ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اس دور میں بھی یہ علاقہ پسماندہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مقامی نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان تعلیم حاصل کریں، اوراقدار و اخلاقیات کا معیار بلند کریں، یہی ترقی کا زینہ ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔


