Chitral Times

Oct 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ نے صوبے کے ہسپتالوں میں عملے کی غیرحاضری اور نظام الاوقات کی عدم پابندی کا نوٹس لیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )‌‌وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے ہسپتالوں میں طبی عملے کی غیرحاضری اور نظام الاوقات کی عدم پابندی کے حوالے سے عوامی شکایات کی خبر پر نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے ۔ محمود خان نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو اوقات کار کا پابند بنایا جائے اور اس سلسلے عوامی شکایات موصول ہوں تو ان کا فوری ازالہ ہونا چاہئے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ نے پاپولیشن ویلفیئر کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے خبرکا بھی نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو معاملے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کوہاٹی کے قرب و جوار کے مکینوں کی طرف سے تعمیراتی مٹیریل اور گندگی سرکلر روڈ پر پھینکنے کے حوالے سے خبر کا بھی نوٹس لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ روڈ پر گندگی اور دیگر تعمیراتی مواد پھینکنے کے عمل کا فوری انسداد کیا جائے اور روڈ کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں بدعنوانیوں کے معاملے کا نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کو جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایٹا ٹیسٹ کے نتائج میں غلطیوں کے معاملے پر برہمی کا اظہار کیا اور تحقیقاتی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ معاملے کی حقیقت پسندانہ رپورٹ پیش کرے جس میں ذمہ داروں کا واضح تعین ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حق دار کو حق کی فراہمی یقینی ہونی چاہئے ۔ ایٹا کے تحت ٹیسٹ سے متعلق والدین اور بچوں کی شکایات قابل توجہ اور نہایت تشویش کا باعث ہیں حکومت شفافیت اور حق دار کو حق کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں کریگی۔ غلطیوں اور غفلت کے مرتکب عناصر کی نشاندہی ہونی چاہئے اور آئندہ کیلئے کمزوریوں سے پاک اور شفاف طریق کار کے تحت امتحانات کا انعقاد اور نتائج کا اجراء یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
14744