گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا چترال عشریت کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے چترال کے علاقہ عشریت میں سیاحوں کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں دو سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چترال کے علاقہ عشریت میں سیاحوں کی کار حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثہ میں قیمتی جانی نقصان پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے. گورنر نے حادثہ میں جاں بحق سیاحوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات بلندی کی دعا اور زخمی سیاحوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے.

