وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ‘تعلیم کارڈ’ کو چترال اپر سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر فوری شروع کر نے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ‘تعلیم کارڈ’ کو چترال اپر سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر فوری شروع کر نے کی ہدایت
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے ‘تعلیم کارڈ’ کو چترال اپر سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر فوری شروع کرنے کے احکامات دیتے ہوئے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ خزانہ کے حکام کو تیاری جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے یہ احکامات ابتدائی و ثانوی تعلیم سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دئے. اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مسعود احمد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈا پور نے ‘تعلیم کارڈ’ کو ایک وڑنری پروجیکٹ قرار دیا جس کا مقصد طلباءکو معروف اداروں سے معیاری تعلیم تک رسائی کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کو تیزی سے متحرک کرنے اور ضروری انتظامات کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔ محکمہ تعلیم اور خزانہ کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ اس مقصد کیلئے درکار تقاضوں اور انتظامات کو کم سے کم وقت میں مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ پسماندہ ضلع سے تعلیم کارڈ کا اجراءکررہے ہیں،بہترین نتائج کے لئے منصوبے کو پہلے چترال اپر سے پائلٹ کیا جائے گا،دیگر ضلعوں تک مرحلہ وار وسعت دی جائے گی. سردار علی امین گنڈاپور نےکہا کہ یہ ہماری حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہوگا، مستقبل کے نوجوانوں پر یہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی انوسمٹمنٹ ہوگی۔
اپر چترال سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی بریفنگ کے بعد کیا گیا، جنہوں نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بالائی چترال میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے چترال اضلاع کا دورہ کیا. وزیر اعلیٰ نے چترال میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کی مدد کے لیے قلیل اور طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ تباہی سے متاثرہ افراد کو رہائش فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز تلاش کریں۔
انہوں نے طویل مدتی بحالی کے لیے ایک پائیدار منصوبہ بھی لازمی قرار دیا اور اس سلسلے میں اقدامات ا ٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ حالیہ بورڈ امتحانات میں ٹاپ سکور کرنے والی طالبہ سے کیے گئے وعدے کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ طالبہ کے آبائی ضلع شانگلہ میں سکول کے قیام کو تیز کیا جائے۔ یاد رہے کہ تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ شانگلہ سے تعلق رکھنی والی طالبہ کو گاو ¿ں میں اسکول نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ تعلیم حاصل کرنے کے لیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑا اور بالآخر امتحانات میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ اس سارے صورتحال میں والد نے بیٹی کو بھرپور سپورٹ کیا. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایسے علاقوں کو خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
وزیراعلی کا خیبر کے وادی تیراہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ، ملک وقوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سکیورٹی فورسز اور نامعلوم دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکار کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔دریں اثناءوزیراعلیٰ نے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری کے جاںبحق ہونے پر بھی اظہار افسوس کیا ہے اور متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے زخمی ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔علی امین گنڈا پور نے ضلع چارسدہ میں نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے سپیشل برانچ کے سب انسپکٹر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پسماندگان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔