
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر افسوس جبکہ پاکستان خصوصا خیبر پختونخوا میں بسنے والی اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر افسوس جبکہ پاکستان خصوصا خیبر پختونخوا میں بسنے والی اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر افسوس جبکہ پاکستان خصوصا خیبر پختونخوا میں بسنے والی اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں اسماعیلی کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انسانیت کے لئے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلاحی کاموں کے لئے شہرت رکھتے تھے، خیبر پختونخوا اور ملک کے شمالی علاقہ جات میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے پرنس کریم آغاخان نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں پرنس کریم آغاخان کی بے لوث اور بلاتفریق خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔
خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے میں اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو مالی طور پر مستحکم بنانے کی عرض سے انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو مالی طور پر مستحکم بنانے کی عرض سے انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لئے اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشنز میں نئی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان، مشیر خزانہ مزمل اسلم ، سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر عنبر علی اور محکمہ بلدیات کے دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس کو اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو درپیش مسائل اور انکے حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال جون تک تمام ٹی ایم ایز اور اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں نئی اصلاحات نافذ کی جائیں گی جبکہ اس مقصد کے لیے ٹی ایم ایز اور اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں بین الاقوامی سطح پر ثابت شدہ بہترین پریکٹسز اختیار کی جائیں گی۔ ان اداروں میں کمیٹی آف سپونسرنگ آرگنائزیشنز آف ٹریڈ وے کمیشن انٹر پرائز رسک منیجمنٹ فریم ورک نافذ کیا جائے گا۔ اسی طرح
ٹی ایم ایز اور اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں انٹرنیشنل پبلک سیکٹر اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز بھی نافذ کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی اصلاحات سے ٹی ایم ایز اور اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز مالی طور پر مستحکم اور انکی کارکردگی بہتر ہو جائیگی۔
اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہاٹ میں پہلے ہی اصلاحات نافذ ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ نئی اصلاحات سے قبل اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہاٹ کا سالانہ 49 ملین روپے خسارہ تھا جبکہ نئی اصلاحات کے نفاذ سے اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہاٹ کا سرپلس 25.7 ملین روپے ہوگا۔ وزیر اعلیٰ تمام ٹی ایم ایز اور اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں یوڈا کوہاٹ کا ماڈل اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اور انکی استعداد کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت ان اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔