وزیراعلیِ محمود خان کا شندور پولو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیتنے پر چترال اے ٹیم کو مبارکباد
وزیراعلیِ محمود خان کا شندور پولو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیتنے پر چترال اے ٹیم کو مبارکباد
پشاور( نمایندہ چترال ٹایمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے شندور پولو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیتنے پر چترال اے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال اے کی ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کر لی تاہم گلگت بلتستان کی اے ٹیم نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہار جیت ہر ایک کھیل کا حصہ ہوتے ہیں لیکن شندور پولو ٹورنامنٹ کھیل سے بڑھ کر ہے جو ہماری علاقے کی ثقافت کا حصہ بن گیا ہے اور پوری دنیا میں ہمارے ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، شندور فیسٹویل کا انعقاد ہم سب کی جیت ہے، یہ پولو کی جیت ہے اور سب سے بڑھ کر چترال اور گلگت بلتستان کے مثالی امن کی جیت ہے۔
شندور فیسٹویل کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر مقامی انتظامیہ، پولیس، فرانٹئیر کور اور دیگر تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ شندور فیسٹویل کے انتظامات کے سلسلے میں پوری انتظامیہ کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے شندور فیسٹویل میں بھر پور شرکت کرنے پر تمام شائقین پولو، ملکی و غیر ملکی سیاحوں، چترال اور گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں شندور فیسٹویل کا انعقاد مزید بہتر اور بھر پور انداز میں کیا جائے گا اور یہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو علاقے کی طرف راغب کرنے کا باعث بنے گا جسے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت شروع دن ہی سے روایتی کھیلوں اور مقامی تقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی تاکہ ان سرگرمیوں کو فروغ دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔