
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل کی مؤثر نگرانی کے لئے کمیٹی تشکیل
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل کی مؤثر نگرانی کے لئے کمیٹی تشکیل
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل کی مؤثر نگرانی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ توشہ خانہ کے نظام میں مزید شفافیت لانے کے لئے توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظر ثانی کے لئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویڑن کی سفارش پر پاکستان میں کام کرنے والے بیرون ملک کے موجودہ 86 پائلٹس کے لائسنسز کی توثیق میں 2 سال اور 2025 میں نئے پائلٹس کی شمولیت کی فارن ویلیڈیشن میں 3 سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ سالوں میں کووڈ۔19کی وبا اور پاکستانی پائلٹس پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی ائیرلائنز کو بیرون ملک سے پائلٹس کی خدمات حاصل کرنی پڑیں۔ کابینہ ڈویڑن کی مذکورہ بالا سفارش پر مکمل قانونی کارروائی کے بعد عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے توشہ خانہ کے نظام میں مزید شفافیت لانے کے لئے توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظر ثانی کے لئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویڑن کی سفارش پر نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے قواعد وضوابط کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویڑن کی سفارش پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی ذمہ داری وزارت آئی ٹی سے وزارت داخلہ کو منتقل کئے جانے کے حوالے سے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اپیلیٹ ٹربیونل کے ممبر فنانس کے طور پر ڈاکٹر عمار حبیب خان کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل کی مؤثر نگرانی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔وزیراعظم نے کہا کہ پرائم منسٹر ریلیف پیکیج مستحقین تک پہنچانے کے لئے نئی مؤثر حکمت عملی بنائی جائے۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 6 جنوری 2025 اور 17 جنوری 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
؎
وزیراعظم نے ایف بی آر افسران کو نقد انعامات دینے کی اسکیم کی منظوری دیدی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) افسران کو نقد انعامات دینے کی اسکیم کی منظوری دے دی۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق نقد انعامات صرف انکم ٹیکس اور کسٹمز کے 1800 کیڈر افسران کو دیے جائیں گے۔ایف بی آر افسران کو انعامات دینے کی اسکیم کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کی وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دے دی ہے۔قبل ازیں، ایف بی آر نے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت سینیئر افسران کے لیے ریٹنگ اینڈ ریوارڈ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کر کے انعام سے نوازا جائے گا۔ایف بی آر حکام کے مطابق کارکردگی بنیاد پر ایف بی آر افسران کو اے سے ای تک کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا اور سینیئر افسران کو بطور انعام نئی گاڑی، تنخواہوں میں اضافہ اور اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو افسران کو ای میل اور موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام فیلڈ فارمیشنز تجرباتی بنیاد پر ریٹنگ سسٹم کے اجراء کے لیے تیار رہیں اس دوران گریڈ 17 اور بڑے افسران کو کوئی اسائمنٹ نہیں دی جائے گی۔ایف بی آر کے تمام ممبران، چیف کلیکٹرز، ڈی جیز اور چیف کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور نئے سسٹم کے تجرباتی اجراء کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو آج ہی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔