وزیراعظم کا دورہ چترال ملتوی، وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ منصوبوں پرپیشرفت تیزکردی گئی ہے۔ فضل حکیم
چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعظم پاکستان کا دورہ چترال نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا ہے جو جمعرات کے روز پریڈ گراونڈ چترال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرنا تھا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنا دورہ بعد میں ضرور کریں گے فلحال اسلام آباد میں کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر چترال کا دورہ ملتوی کرنا پڑا۔ وزیراعظم کے دورہ کیلئے پریڈ گراونڈ میں کرسیاں اور شامیانےپہنچ گئے تھے اور جلسہ گاہ کی تیاری شروع ہونے کے ساتھ مختلف محکمہ جات کے صوبائی ذمہ داران بھی وزیراعظم کے استقبال کیلئے چترال پہنچ چکے تھے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے صدر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے چترال کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر جلد پیشرفت پر زور دیا ہے اور ضلعی اور صوبائی قائدین کو اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ دورہ چترال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ دورہ چترال کے موقع پر چترال کے عوام نے وزیر اعلیٰ کا بھرپور استقبال کیا اور دورے کے بعد ترقیاتی کاموں میں پیشرفت تیز کردی گئی ہے اور منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں گے