Chitral Times

Feb 9, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے پاکستان اسٹال کا افتتاح کردیا

Posted on
شیئر کریں:

نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے پاکستان اسٹال کا افتتاح کردیا
پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،ملک میں موجود سیاحتی مقامات یہاں کی بے پناہ سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں، وزیراعلیٰ گلبر خان کا خیبرپختونخوا ڈیسک کا بھی دورہ

خیبرپختونخوا میں سیاحت کے ذریعے صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،نیویارک شومیں ایک بار پھر بہترین پویلین کا ایوارڈ پاکستان کے نام رہا، ڈی جی تاشفین حیدر

 

 

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات یہاں کی بے پناہ سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2025 میں پاکستان کے اسٹال کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پران کے ہمراہ وزیر سیاحت گلگت بلتستان غلام محمد،پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں پاکستانی ہائی کمشنر عامر احمد، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر،پراجیکٹ ڈائریکٹر ضم اضلاع اشتیاق خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جی بی مشتاق احمد اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے پاکستان پویلین میں موجود خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے سیاحتی ڈیسک کا دورہ بھی کیا جہاں ڈی جی کلچراینڈٹوراز م اتھارٹی تاشفین حیدر نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کوخوش آمدید کہا اور خیبرپختونخوا میں سیاحت سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے خیبرپختونخوا میں سیاحت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں خیبرپختونخوا ڈیسک دورہ کرنے والے سیاحوں کو خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ یہاں کے سیاحتی مقامات پر بنائے گئے براؤشرزبھی پیش کئے جا رہے ہیں جبکہ ٹریول شو میں آنے والے سرمایہ کاروں کو بھی صوبہ میں سیاحت کے شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری، انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز اور دیگر پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ فراہم کی جا رہی ہے۔نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں ایک بار پھرپاکستان بہترین اسٹال کاایوارڈجیتنے میں کامیاب رہاجو کہ ملک کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے جو پاکستان کی سیاحتی صلاحیت میں عالمی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔

 

 

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے کو مزید ترقی دینے اورصوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے سیاحت کو بطور انڈسٹری متعارف کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو میں پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا کی کامیاب نمائندگی یقیناً خطے کی عالمی سیاحتی نقشے پر شناخت کو مزید اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور اسے ایک عالمی معیار کے سیاحتی مقام کے طور پرمضبوط کریگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا جن میں پاکستان کا اسٹال بھی شامل تھا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عزم پر زور دیااور اسکردو میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تکمیل اور سڑکوں کے نیٹ ورک میں نمایاں بہتری کا ذکر کیا۔

 

chitraltimes cm GB inagurated KP pavalium in newyark 1

chitraltimes cm GB inagurated KP pavalium in newyark 4

chitraltimes cm GB inagurated KP pavalium in newyark 2

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, گلگت بلتستانTagged
98478