Chitral Times

Jan 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نیب نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں عمران خان کو ملزم نامزد کردیا

Posted on
شیئر کریں:

نیب نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں عمران خان کو ملزم نامزد کردیا

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کو نیب نے ملزم نامزد کردیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے احتساب عدالت پہنچی۔ جہاں رجسٹرار آفس کی جانچ پڑتال کے بعد نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا گیا۔نیب کی جانب سے ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ملزم نامزد کردیا گیا۔ عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، ذلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 8 ملزمان کو ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فرح گوگی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کی فہرست میں بیرسٹر ضیا المصطفیٰ نسیم کا نام بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی گئی تھی۔ وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز کے توسط سے دائر درخواست احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کی گئی تھی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔

 

سائفر کیس: خصوصی عدالت کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کرنیکا عندیہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کیس کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے چکی ہے۔حکمنامے کے مطابق کیس کی مزید سماعت دو دسمبر کو صبح نو بجے جیل میں ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، گزشتہ سماعت پر عدالت نے آئی جی اور احساس اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں جیل ٹرائل کا حکم دیا تھا۔چیف کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ وزارت قانون نے 29 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کا 30 نومبر کو خط عدالت کو موصول ہوا اور اب 28 نومبر کے حکم کے مطابق سائفر کیس میں جیل ٹرائل ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پیشی کے لیے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82464