نیب خیبر پختونخوا کا اجلاس، مختلف ریفرنسز کی منظوری اور تحقیقات کے احکامات جاری
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کے ایگزیکٹوبورڈ کا ایک اجلاس جمعہ کے دن پشاور میں منعقدہوا۔بریگیڈئر فاروق ناصر اعوان ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو، خیبر پختونخوا کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، کیس آفیسر، سینئر قانونی مشیر کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف ریفرنسز کی منظوری اور تحقیقات کے احکامات جاری کیے گئے۔ ریجنل بورڈ نے افضل خالق عرف ڈبل شاہ اور دوسرے ملزمان کے خلاف بدعنوانی اور مضاربہ کاروبار کی آڑ میں عوام کے ساتھ دھوکہ دہی پر ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس کی سماعت پہلے ہی سے شروع ہے۔ کیس میں مزید 876 متاثرین سے 4.48 ارب روپے کے کلیم موصول ہوئے ہیں۔
بورڈ نے ارشد خان اور ندیم خان Sky Pharmacy Peshawar کے خلاف بدعنوانی اور مضاربہ/میڈیسن کے کاروبار کی آڑ میں عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ملزمان نے زائد منافع کا لالچ دے کر سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہڑپ کئے۔
ریجنل بورڈ نے الحمرا بلڈرز کے انتظامیہ کے خلاف بدعنوانی اوراسلامی کے کاروبار کی آڑ میں عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ملزمان نے اسلامی کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہڑپ کئے۔
بورڈ نے شیر عالم (Private Person ) کے خلاف بھی کرپشن اورسرکاری زمین اپنے نام ٹرانسفر کرنے کے الزام پر تحقیقات کی منظوری دے دی۔ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے مالم جبہ سوات میں 1263 کنال اور 3 مرلہ قیمتی زمین جعلی کاغذات کے ذریعے اپنے نام منتقل کی۔
بورڈ نے الحرم ماڈل ٹاؤن کے انتطامیہ کے خلاف بھی بدعنوانی کے الزامات پر تحقیقات کی منظوری دے دی۔ الحرم ماڈل ٹاؤن کے انتطامیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹاؤن کے رہائشیوں بنیادی سہولیات سے محروم کیا اور ساتھ ہی پرائیوٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے لئے بنائے گئے قوانین کی بھی خلاف ورزی کی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوابریگیڈئر فاروق ناصر اعوان عوام نے الناس سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کا ساتھ دینے کی درخواست کی۔