نگران وزیراعلیِ کے زیر صدارت سرکاری جامعات کے مسائل و معاملات سے متعلق اجلاس
نگران وزیراعلیِ کے زیر صدارت سرکاری جامعات کے مسائل و معاملات سے متعلق اجلاس
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت سرکاری جامعات کے مسائل و معاملات سے متعلق ایک اہم اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا۔متعلقہ صوبائی وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری جامعات کے مالی مسائل اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سرکاری جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور و خوص کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل کو حل کرنے کے لئے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے جامعات کو دی جانے والی گرانٹس کو ان کے بہتر مالی نظم وضبط سے مشروط کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاو ہ ازیں کم انرولمنٹ والے یونیورسٹی کیمپسز کو ایک دوسرے کے ساتھ ضم کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح کالجوں اور جامعات کے روایتی کورسز کی جگہ جدید مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم اہنگ کورسز متعارف کرانے اورجامعات میں تعلیمی عمل پر بطور service” “essential عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق پایا گیا۔ اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کو درپیش مالی بحران ایک سنجیدہ معاملہ ہے اس لئے جامعات کو اس بحران سے نکالنے کے لئے ایک جامع اور کل وقتی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھ رہی ہے۔نگران وزیر اعلی نے واضح کیا کہ جامعات کو مالی طور پر مستحکم اور خود انحصار بنانے کے لئے قابل عمل فنانشل پلانز تیار کرکے ان پر عملدرآمد کرنا ہوگا، تعلیم کا شعبہ نگران صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلی تعلیم کے شعبے کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں روایتی تعلیم کی بجائے مارکیٹ بیسڈ کورسز پڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت اس سلسلے میں نہایت سنجیدہ ہے اور ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔
نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، نوجوانوں سے ملک وقوم کی بہت سی توقعات ہیں۔ گورنر
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، نوجوانوں سے ملک وقوم کی بہت سی توقعات ہیں،گریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ ریاست کے تحفظ اور ملک کا مضبوط دفاع یقینی بنانے کیلئے نوجوان نسل کی نصابی و غیر نصابی تربیت کر رہا ہے جو کہ قابل تحسین ہے کیونکہ یہ ہمارے نوجوان ہی ہیں جنہوں نے ملک و قوم کوترقی اور عظمت کی بلندیوں پرلے کر جانا ہے، نوجوان اپنی زندگیوں میں نہ صرف نظم وضبط پیدا کریں بلکہ اپنے اندر سچائی، رواداری، محنت اور مضبوط قوت ارادی جیسی صفات پیدا کر کے اپنی عملی زندگی میں میرٹ، ایمانداری اور انصاف کی پاسداری کرتے ہوئے علاقائی، لسانی اور صوبائی تعصب سے بالا تر ہو کر ملک وقوم کی خدمت کریں.ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 28ویں یوم الدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں چیئر مین بورڈ آف گورنرز جی۔ او۔سی۔9 ڈویژن میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی، پرنسپل بریگیڈئیر ملک ناصر علی اعوان، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، اساتذہ کرام، والدین اور کیڈٹس کے علاوہ دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی. کالج پہنچنے پر گورنر کا پر تپاک استقبال کیاگیا، گورنر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے، کالج کے پرنسپل نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کالج کی سالانہ کاردرگی رپورٹ پیش کی. کیڈٹس نے قومی ترانہ پیش کرنے کے علاوہ مارچ پاسٹ کیا اور جمناسٹک اور تائیکوانڈو کے شاندار کرتب کا بھی مظاہرہ کیا. گورنر نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کیڈٹس میں میڈلز اور شیلڈز بھی تقسیم کیے. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ نے نہ صرف صوبہ بلکہ ملک بھر کے کیڈٹس کالجز میں مختلف شعبہ جات میں عمدہ کارکردگی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بہترین نام کمایا ہے جو کہ قابل تحسین ہے، کیڈٹس کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ان میں نظم وضبط پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انکی اخلاقی، جسمانی تربیت اور تعمیر کردار واضح طور پر نظر آیا ہے، گیریژن کیڈٹ کالج کیڈٹس کی شخصیت کی تعمیر اور انہیں ملک وقوم کے مثالی، مفید اور محب وطن شہری بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو کہ پرنسپل، اساتذہ اور انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس کارکردگی پر کالج انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں. انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکے والدین آپ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے بہت قربانیاں دے رہے ہیں۔ آپ کو ان کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا.انہوں نے اس موقع پر کالج انتظامیہ کو اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کالج کی خوبصورتی میں اضافہ اور پرفضا ماحول کیلئے 4 ہزار درخت لگوانے کا بھی اعلان کیا۔