نوجوانوں کی خود روزگاری کے لئے انہیں کاروبار کی طرف راغب کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیِ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور
نوجوانوں کی خود روزگاری کے لئے انہیں کاروبار کی طرف راغب کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیِ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعہ کے روز ایشئین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں اے ڈی بی کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں اے ڈی بی پاکستان کے سینئر پراجیکٹ آفیسرز عمر علی شاہ اور اسد علی ظفر شامل تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اے ڈی بی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اے ڈی بی کے ساتھ مل کر مزید مربوط انداز میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو واٹر سپلائی، سولر انرجی، فلڈ پروٹیکشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، اربن ٹرانسپورٹ، زراعت، لائیو اسٹاک اور فوڈ سکیورٹی اور دیگر سماجی شعبوں میں اے ڈی بی کے تعاون کی ضرورت ہے جبکہ حکومت کو ضم اضلاع اور دیگر پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لئے بھی خصوصی تعاون درکار ہے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ لوگوں خصوصاً نوجوانوں کی خود روزگاری کے لئے انہیں کاروبار کی طرف راغب کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس کے علاوہ حکومت صوبے کے بڑے بڑے شہروں کی تزئین و آرائش کا پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔خیبر پختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ اے ڈی بی کے تعاون سے صوبائی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے جبکہ اس منصوبے کے فیز ٹو کے لئے اے ڈی بی کی خصوصی معاونت درکار ہے۔صوبائی حکومت صوبے میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر کام کرنا چاہتی ہے۔ صوبائی حکومت پسماندہ اضلاع میں صحت اور تعلیم سمیت دیگر سماجی شعبوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اے ڈی بی کے ساتھ باہمی اشتراک سے کام کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر سرمایہ لگانے کے لئے اپنی آمدن میں اضافے پر کام کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے خودمختار اداروں کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر مستحکم بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے ان اداروں میں صرف میرٹ کی بنیاد پر پروفیشنل لوگ تعینات کئے جائیں گے۔ وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کر رہا ہے اور مزید شعبوں میں بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اے ڈی بی صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیر اعلیٰ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔اے ڈی بی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر فوڈ سکیورٹی کے شعبے پر کام کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔