
نوجوانوں کو باروزگار اور خود مختار بنانےکیلئے احساس نوجوان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع، نوجوانوں میں بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم
نوجوانوں کو باروزگار اور خود مختار بنانےکیلئے احساس نوجوان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع، نوجوانوں میں بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) نوجوانوں کو باروزگار اور خود مختار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، احساس نوجوان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ احساس نوجوان پروگرام کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی کابینہ اراکین سید فخر جہاں ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد سجاد ، بیرسٹر محمد علی سیف اور مزمل اسلم کے علاوہ محکمہ امور نوجوانان کے حکام اور احساس نوجوان پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے نوجوان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے نوجوانوں میں بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کئے۔ احساس نوجوان پروگرام نوجوانوں کو باروزگار اور با اختیار بنانے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس تحت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کےلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ یہ تین سالہ منصوبہ ہے جس پر 3 ارب روپے کی لاگت سے عملدرآمد شروع کیا گیا ہے جبکہ اس پروگرام پر عملدرآمد کےلئے رواں بجٹ میں ایک ارب دس کروڑ روپے مختص ہیں۔ پروگرام کے پہلے حصے پر بینک آف خیبر کے اشتراک سے عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کے تحت ایک ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔
پروگرام کے اسی حصے میں 18سے 35 سال تک تین سے پانچ نوجوانوں پر مشتمل کلسٹرز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ ان قرضوں کی واپسی کےلئے آٹھ سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔پہلے 20 ماہ گریس پیرئیڈ ہوگا جس کے دوران کوئی وصولی نہیں ہوگی۔ پروگرام کے دوسرے حصے پر اخوت مائیکرو فنانس بینک کے اشتراک سے عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کی لاگت دو ارب روپے ہے۔ پروگرام کے اس حصہ میں 18 سے 40 سال تک کے افراد کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار شرو ع کرنے کےلئے ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔
پروگرام کے تحت نوجوان خواتین اور خصوصی افراد کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت تین مختلف پروگرامز احساس اپنا گھر پروگرام ،احساس روزگارپروگرام اور احساس ہنر پروگرام بھی جلد شروع کئے جارہے ہیں اور ان پروگراموں کے لیے رواں بجٹ میں مجموعی طور پر 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ احساس نوجوان پروگرام کو صوبے کے نوجوانوں کو مالی طور اپنے پاؤں پر کھڑے کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن اور مشن ایک خود مختار قوم اور خود کفیل ملک ہے، ہم نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے احساس نوجوان پروگرام شروع کیا ہے تاکہ نوجوان نہ صرف اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں بلکہ دوسروں کے لئے روزگار کا ذریعہ بنیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملازمت سے زیادہ اپنا کاروبار شروع کرنے پر توجہ دیں کیونکہ کاروبار میں ترقی کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہوتے ہیں، اگر نوجوانوں کے پاس کاروبار کرنے کے آئیڈیاز ہونگے تو صوبائی حکومت انہوں بھر پور سپورٹ فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی نے نوجوانوں پر یہ بھی زور دیا کہ وہ دیانداری اور محنت کو اپنا شعار بنائیں، دیانتداری بہترین حکمت عملی ہے اور محنت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔