Chitral Times

Mar 22, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نان فائلرز کی کیٹیگری ختم: جائیداد، بین الاقوامی سفر، اکاؤنٹ کھولنے پر پابندی

Posted on
شیئر کریں:

نان فائلرز کی کیٹیگری ختم: جائیداد، بین الاقوامی سفر، اکاؤنٹ کھولنے پر پابندی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) حکومت نے اصولی طور پر نان فائلرز کیٹیگری کو ختم کرنے پر اتفاق کر لیا۔ایف بی آر نے نان فائلرز کو نشانہ بنانے کے لیے متعدد پابندیاں متعارف کرانے کا اعلان کیا تاکہ ٹیکس کمپلائنس کو بڑھایا جا سکے اور ٹیکس بیس کو وسیع کیا جا سکے، نان فائلر کیٹیگری کو ختم کر دیا جائے گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کی کیٹیگری ختم کرکے ٹیکس نہ دینے والوں پر 15 پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ابتدائی پابندیوں میں جائیداد کی خریداری، گاڑیوں کی خریداری، میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری، کرنٹ اکاؤنٹس کھولنے اور بین الاقوامی سفر (مذہبی سفر کے علاوہ) شامل ہیں۔حکومت نان فائلر کیٹیگری کو ختم کر رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ افراد جو پہلے ان لین دین پر ٹیکس ادا کرنے سے بچنے کے لیے ایک معمولی فیس ادا کرتے تھے اب ایسا نہیں کر سکیں گے۔ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے انکشاف کیا کہ ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے والے افراد کے لیے 15 مخصوص سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے گی جن میں ابتدائی طور پر 5 کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، یہ اقدامات ایف بی آر کے تبدیلی کے منصوبے کا حصہ ہیں جسے وزیر اعظم کی منظوری مل چکی ہے۔

 

ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا ہے کہ اس اقدام کو ایک آرڈیننس کے ذریعے نافذ کیا جائے گا اور ایف بی آر پہلے ہی اس کے قواعد پر کام کر رہا ہے اور قانون کی وزارت کو اس عمل میں شامل کر رہا ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے نان فائلرز کے تصور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسی درجہ بندیاں دنیا بھر میں نہیں پائی جاتیں اور انہیں ختم کر دینا چاہیے اور توجہ ٹیکس کمپلائنس کرنے والے اور نہ کرنے والے افراد پر مرکوز ہونی چاہیے،” ہم جدید مشین لرننگ اور الگورتھمز کے ذریعے نان فائلرز کی شناخت کریں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال نان فائلرز سے صرف 25 ارب روپے فیس کی مد میں جمع ہوئے جبکہ ان افراد سے ممکنہ ٹیکس ریونیو ابھی بھی وصول نہیں کیا جا سکا، نئی پالیسیوں کے تحت نان فائلرز کو روایتی بینک اکاؤنٹس کھولنے سے روکا جائے گا، سمگلنگ کے خلاف کارروائی کے لیے ایف بی آر ملک بھر میں اہم داخلی مقامات پر آٹومیشن اور افرادی قوت کو بڑھا رہا ہے۔

 

دبئی، غیرقانونی تارکین وطن کے لیے پاسپورٹ کی مدت میں رعایت کا اعلان

ابو ظہبی(سی ایم لنکس)متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکام نیغیرقانونی تارکین وطن کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی مدت میں مزید رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق دبئی میں مقیم غیرملکی کارکن جن کے اقامے اور ورک پرمٹ تجدید نہیں کرائے گئے انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اگر ریاست میں مزید رہنے کے خواہشمند ہیں تو اپنے قیام کو قانونی بنا لیں،مہلت کے دوران کسی قسم کا جرمانہ اور اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی، ان غیرملکیوں کے لیے بھی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے جو مستقل طورپر اپنے وطن جانے کے خواہشمند ہیں، ایسے تارکین قانونی طورپر فائنل ایگزٹ ویزا حاصل کرسکتے ہیں جس کے بعد وہ اپنے وطن کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل ایگزٹ ویزے پر جائیں گے انہیں بلیک لسٹ کی گیٹگری میں شامل نہیں کیاجائے گا اوروہ جب چاہیں دوسرے ویزے پر امارات ا?سکتے ہیں۔ اماراتی امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل سعید الخیلی کے مطابق غیرقانونی تارکین وطن کے لیے جو رعایتی مہم شروع کی گئی ہے اس کا مقصد ان کے قیام کو قانونی شکل دینا ہے، ایسے غیرملکی جن کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم تھی ان کیلیے خصوصی طورپر ایکسپائری کی حد 6 ماہ سے کم کرکے ایک ماہ کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ امارتی حکام نے یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک ایسے تارکین کو جن کے اقامے زائد المیعاد تھے یا کسی وجہ سے ان کا ورک پرمٹ نہیں بنایا گیا تھا انہیں مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنے قیام کی دستاویزات کو قانونی شکل دے کر ملازمتیں حاصل کرسکیں۔

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
93650