Chitral Times

Apr 20, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملک بھر میں عید کی تعطیلات کے دوران موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتادیا

Posted on
شیئر کریں:

ملک بھر میں عید کی تعطیلات کے دوران موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتادیا

اسلام آباد(  چترال ٹائمزرپورٹ)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے وقت گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔پنجاب میں دن کے اوقات میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا اور بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا، کوئٹہ میں درجہ حرارت 7، قلات میں 5، زیارت میں 4، ڑوب میں 8، سبی میں 16، تربت میں 19، نوکنڈی میں 14، چمن میں 12، گوادر میں 21 اور جیوانی میں 22 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

کاٹلنگ میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی؛ عام شہریوں کی شہادت پر انکوائری کی جائیگی، وزیراعلیٰ کے پی

پشاور(سی ایم لنکس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی تاکہ حقائق سامنے آئیں۔کاٹلنگ واقعے سے متعلق بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد صوبائی حکومت واقعے سے متعلق اپنا واضح موقف دے گی۔انہوں نے عام شہریوں کی شہادتوں کے واقعے کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی علاقے میں پہلے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح اسی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے، صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام صوبے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترینTagged
100719