
مشیر صحت احتشام علی کا محکمہ صحت میں ناکارہ گاڑیوں اور سامان پر نوٹس، کھلے آسمان تلے پڑے خراب ہونے والے سامان پر شدید برہمی کا اظہار، تمام ڈی ایچ اوز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے تفصیلات طلب
مشیر صحت احتشام علی کا محکمہ صحت میں ناکارہ گاڑیوں اور سامان پر نوٹس، کھلے آسمان تلے پڑے خراب ہونے والے سامان پر شدید برہمی کا اظہار، تمام ڈی ایچ اوز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے تفصیلات طلب
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) مشیر صحت احتشام علی نے محکمہ صحت کے تحت ناکارہ گاڑیوں اور ناقابل استعمال سامان پر سخت نوٹس لے لیا۔ محکمہ صحت کے تمام متعلقہ اداروں بشمول ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ، پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور اس کے ذیلی ادارے، تمام ڈی ایچ اوز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، پروگرام مینیجرز، ڈائریکٹرز، ہیلتھ فاؤنڈیشن، ہیلتھ کیئر کمیشن، ریجنل بلڈ سینٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کر لی گئیں۔تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ناکارہ گاڑیوں اور ناقابل استعمال طبی آلات و دیگر سامان کی تفصیلات دو ہفتوں کے اندر فراہم کریں۔ کھلے آسمان تلے پڑے خراب ہونے والے سامان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر صحت نے تمام اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں، ایکشن اور کنڈمینیشن کمیٹیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ تمام ناکارہ اور ناقابل استعمال سامان کو قانون کے مطابق اور میرٹ پر نیلام کیا جائے گا۔
جھوٹے پروپیگنڈوں اور دروغ گوئی سے عمران خان اور پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جھوٹے پروپیگنڈوں اور دروغ گوئی سے عمران خان اور پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز آج کل تعلیمی اداروں میں عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف نفرت پھیلانے کی مہم چلا رہی ہیں۔ مریم نواز تعلیمی اداروں میں تقریبات کے دوران بچوں کو عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف نفرت کی ترغیب دے رہی ہیں مریم نواز کی تقریر علی امین گنڈا پور پر تنقید کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، ایسا لگتا ہے کہ علی امین گنڈا پور مریم نواز کے اعصاب پر سوار ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ ملک کے بچے بچے کو معلوم ہو چکا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے کون ہیں، بچے من کے سچے ہوتے ہیں اسی لیے وہ مریم نواز کی باتوں میں نہیں آتے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کے لیے عمران خان اور علی امین گنڈا پورکے نقشِ قدم پر چلنا ہوگا، مریم نواز اگر پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے فرصت پائیں تو علی امین کی طرح صوبے کی ترقی پر بھی توجہ دیں۔ عوام کو عمران خان سے متنفر کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں، شریف خاندان نے اپنی آئندہ نسلوں کے لیے بھی قومی خزانہ لوٹ کر بیرونِ ملک منتقل کر دیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز سے کہا کہ اگر وہ پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے فرصت پائیں تو ڈرامے کرنے کی بجائے علی امین گنڈا پورکی طرح صوبہ پنجاب کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی کاموں پر توجہ دیں۔جس طرح کہ علی امین گنڈا پور عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور وہ مریم نواز کی طرح ڈرامے نہیں کر رہے۔یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جو قرض لینے کے بجائے واپس کر رہا ہے۔خیبر پختونخوا رواں سال سرپلس بجٹ دے رہا ہے،اس کے برعکس پنجاب خسارے کا شکار ہے۔ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کی پوری آبادی کو لائف انشورنس کی سہولت دی جا رہی ہے خیبر پختونخوا حکومت عوام کو سولر انرجی کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہیں