مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا افتتاح کردیا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب گورنمنٹ حذیفہ آفتاب شہید گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول حیات آباد پشاور میں منعقدہوئی۔ ابتدائی طورپر 200طلباء کو گریڈ ششم سے نہم تک سیکنڈ شفٹ میں داخلہ دیاگیاہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کی وژن اور محکمہ تعلیم کی پانچ سالہ پلان کے تحت ابتداء ہی میں اس پروگرام پر کام شروع کررکھا تھا جس کا بنیادی مقصد سکولوں سے باہرطلباء کو سکولوں کی طرف راغب کرنے، دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے اور کم وقت میں اچھے نتائج حاصل کرناتھا۔ انہوں نے کہاکہ سیکنڈشفٹ سکولوں کا باقاعدہ آغازپشاورحیات آباد سے کیاگیاہے اور جلد ہی قبائلی اضلاع بشمول پورے صوبے کے تمام اضلاع تک اس پروگرام کو وسعت دی جائیگی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ وہ طلباء جوکہ صبح کے اوقات میں محنت مزدوری کرکے اپنے والدین کا ہاتھ بٹھاتے ہیں یا پھر وہ طلباء جوکہ سکولوں میں سیٹوں کی کمی کی وجہ سے تعلیم اورداخلہ سے رہ جاتے ہیں اور وہ طلباء جن کے علاقوں میں تعلیمی اداروں کمی تھی سب اس پروگرام سے مستفیدہوں گے۔ سیکنڈ شفٹ کیلئے اساتذہ کا انتخاب اپنے سکول کے موجودہ اساتذہ اور عام مارکیٹ سے کیاجائیگا۔ منعقدہ تقریب سے سکول پرنسپل اکبرزمان اورمقامی سیاسی نمائندوں اور پیرنٹ ٹیچرز کونسل کے ممبران نے بھی خطاب کیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور ادریس اعظم، سکول طلباء، انتظامیہ ار والدین کی کثیرتعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے گورنمنٹ حذیفہ آفتاب شہید ہائیرسیکنڈری سکول حیات آباد کی امتحانات میں بہترین کارکردگی، آئی ایم یو کے رپورٹ کے مطابق پشاور ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور پرنسپل بشمول تمام عملے کی طرف سے سکول کے اوقات کار میں گاؤن کے استعمال پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ مشیرتعلیم نے سیکنڈشفٹ پروگرام کے حوالے سے مزید کہاکہ اس پروگرام کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد کم وقت میں صوبے کے تعلیم سے محروم 26 لاکھ طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ امسال ہم نے 8 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخلہ دلانے کا مہم شروع کررکھاہے تاہم ہماری ایسی پالیسی اب بن چکی ہے کہ مختلف پرگراموں کے ذریعے ہم پانچ سالہ پلان کے تحت ان تمام 26 لاکھ طلباء کو سکولوں میں داخل کرواسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیکنڈ شفٹ میں سکولوں کو اپ گریڈ کررہے ہیں جس سے سکولوں کی کمی پوری ہوجائیگی اور نئی سکولوں کی تعمیرجوکہ 4 سال کا عرصہ لیتی ہے کی بجائے جلد ازجلد درس وتدریس کا سلسلہ شروع ہوجاتاہے۔ اسی طرح اگر سکول موجود نہ ہوتو نئی سکول تعمیرکرنیکی بجائے ہم کرائے کے عمارت میں سکول شروع کرنے کا پروگرام بھی بناچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ پالیسیوں کے اندر ہم پرائیویٹ سکولوں کو بھی سپورٹ کررہے ہیں تاہم وہ بھی حکومت کے رٹ کی احترام کریں اورمقررکردہ فیسوں سے زیادہ فیسوں سے اجتناب کریں۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ بہترین کارکردگی پرہم اب ہرضلع میں 2 میل اور 2 فیمیل سکولوں کوماڈل سکول کا درجہ بھی دے رہے ہیں جن کی اپنی بورڈ ہوگی اور پرنسپل مکمل طور پر باااختیارہوگا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے گورنمنٹ حذیفہ آفتاب ہائرسیکنڈری سکول کیلئے امتحانی ہال کی تزئین و آرائش اور بحالی کی منظوری بھی دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہترین کارکردگی پر یہ سکول بہت جلد ماڈل سکول میں شامل ہوجائیگا۔