Chitral Times

Jan 14, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مدارس کو قومی دھارے میں لانے کیلئے وفاقی کابینہ نے2 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی

شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ اتحاد التنظیم المدارس نے مدارس کے طلبا کو مڈل، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات وفاقی تعلیمی بورڈ میں دیگر عام طلبا کے ہمراہ کروانے پررضا مندی ظاہر کردی ہے، مدارس کے 12 رجسٹریشن مراکز کے قیام اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے وفاقی کابینہ نے3 سالہ پروگرام کے لئے 2 ارب روپے کے بجٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طویل مشاورت اور مختلف اجلاسوں کے بعد مدارس کی رجسٹریشن اور طلبا کے نصاب اور امتحانی طریقہ کار طے پا گیا ہے جس کے لئے وہ مشاورت میں شریک تمام علمائے کرام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے لئے 12 مراکز کے قیام اور مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے 2 ارب روپے کے بجٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس کا پی سی ون تیار کیا جارہا ہے اور پلاننگ ڈویژن سے بھی اس کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 29 اگست کو ہونے والے اجلاس میں علمائے کرام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مدارس کے طلبا بھی مڈل، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحات رائج قومی نصاب کے مطابق سکولوں میں پڑھنے والے دیگر طلبا کے ساتھ دیں گے اور انہیں بھی مڈل میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی ڈگریاں جاری کی جائیں گی۔
……………………………………………………………………….

لاہور،پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو اگلے 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کر دیا
لاہور( آئی آئی پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سابق کپتان مصباح الحق کو اگلے 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کر دیا۔ قومی ٹیم کے سابق ہیڈکوچ اور فاسٹ باؤلر وقار یونس بطور باؤلنگ کوچ خدمات سر انجام دیں گے، انہیں بھی تین برس کیلئے یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ بدھ کو پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے، دونوں اگلے تین برس تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے کوچز کی تلاش کیلئے قائم کردہ 5 رکنی پینل جس میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان، اسد علی خان (رکن بی اوجی)، وسیم خان (چیف ایگزیکٹوپی سی بی) اور ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی) شامل تھے نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا بطور ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر اور وقار یونس کا بطور باؤلنگ کوچ انتخاب کیا، وقار یونس ماضی میں 2 مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رہنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بھی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر قومی ٹیم کے نئے کوچز کا اعلان کیا گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
25808