Chitral Times

Nov 10, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مخصوص نشستوں کا معاملہ: الیکشن کمیشن کا وضاحت کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع

Posted on
شیئر کریں:

مخصوص نشستوں کا معاملہ: الیکشن کمیشن کا وضاحت کیلئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد(سی ایم لنکس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وضاحت کیلئے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست بارے اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے، 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی گئی تھی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا۔الیکشن کمیشن نے درخواست میں مزید کہا کہ پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کی صورت میں اب قانون بنا دیا ہے، بتایا جائے پارلیمنٹ کے قانون پر عملدرآمد کریں یا سپریم کورٹ کے فیصلے پر۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے وضاحتی آرڈر میں چند نکات پر نظرثانی درخواست داخل کر دی گئی ہے۔واضح رہے 23 ستمبر کو سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر حکم دیا گیا تھا کہ وہ مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو نوٹیفائی کرے۔

 

 

سوات دھماکا؛ کے پی حکومت کو غیرملکی سفارتکاروں کے دورے سے آگاہ کیا تھا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس) دفترخارجہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) کی حکومت کو غیرملکی سفارت کاروں کے دورے سے آگاہ کردیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ غیرملکی سفیروں کے دورے سے متعلق کے پی حکومت کو خط لکھا گیا تھا۔ کچھ سفیروں نے انفرادی طور پر وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے اپنے سفر سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے تمام پروٹوکول پورے کیے گئے تھے۔ اس حوالے سے تمام ثبوت وزارت خارجہ کے پاس موجود ہیں۔ اس بارے میں داخلی تحقیقات کی گئیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے غیرملکی سفیروں کے دورے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔ چیمبر آف کامرس اسلام آباد کے خلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واقعے کے بعد ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے غیرملکی سفارت کاروں سے ملاقات کی۔ غیرملکی سفارت کاروں کو بھی متعدد مواقعوں پر جاری گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کا کہتے ہیں۔ پاکستان کسی بھی غیرملکی سفارت کار کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح وہاں امن و سلامتی کے حوالے سے متفکر ہے۔ ہم افغان ہمسایوں کے ساتھ مل کرکوشش کررہے ہیں کہ افغانستان دوسرے ممالک کے لیے خطرہ نہ بنے۔ افغانستان سے دہشتگردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے۔پاکستان افغانستان کو ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال ملک دیکھنا اور افغان عوام کی فلاح و بہبود چاہتا ہے۔افغانستان کی سرزمین دہشت گرد استعمال کررہے ہیں اور ہماری سلامتی اور امن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔پاکستان اور ایران قریبی ہمسائے ہیں۔ دونوں ممالک میں رابطے کے متعدد چینلز موجود ہیں۔ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک اپنے عوام کی خوشحالی کے لیے کام کر سکتے ہیں۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
93677