Chitral Times

Nov 8, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ پاسپورٹ 5 لاکھ سے زائد افراد کو بروقت پاسپورٹ فراہم کرنے میں ناکام

Posted on
شیئر کریں:

محکمہ پاسپورٹ 5 لاکھ سے زائد افراد کو بروقت پاسپورٹ فراہم کرنے میں ناکام

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ) محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کروڑوں روپے فیس لیکر بھی 5 لاکھ سے زائد افراد کو بروقت پاسپورٹ فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔ملک میں پہلے تو نارمل فیس والے پاسپورٹ کئی کئی ماہ کی تاخیر سے مل رہے تھے اب تو ارجنٹ فیس والے پاسپورٹ بھی ایک سے دو ماہ بعد ارہے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ذرائع کے مطابق خراب ملکی معاشی حالات کے باعث بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اچانک کئی گنا اضافہ یو چکا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر سے روزانہ 50 ہزار نئے اور تجدید شدہ پاسپورٹ بنانے کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جبکہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے پاس صرف 25 ہزار پاسپورٹ روزانہ بنانے کے صلاحیت ہے۔ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں 5 لاکھ سے زائد افراد کروڑوں روپے فیس کی مد میں جمع کروا نے کے باوجود پاسپورٹ سے محروم ہیں۔ صرف فاسٹ ٹریک والوں کے پاسپورٹ ایک ہفتے میں مل رہے ہیں جن کی فیس بھی 20 سے لیکر 27 ہزار روپے ہے۔ پہلے پاسپورٹ کی سیاہی ختم ہوئی پھر لیمینشن پیپر کا مسئلہ پیش آیا اب یہ دونوں مسائل حل ہوئے تو پاسپورٹ بنانے کی صلاحیت کم پڑ گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفٰی جمال قاضی نے رابط کرنے پر کہا کہ پاسپورٹ بنانے کی نئی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پرنٹنگ مشین خریدنے کے لیئے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تقریبا کام مکمل ہو چکا ہے اکتوبر تک مشینری آجائے گی اور پاسپورٹ کے التواء کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ مشینری کی خریداری میں تاخیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹس میں کئی سکیورٹی فیچرز ہوتے ہیں یہ کوئی عام پرنٹنگ مشین نہیں اس کے لیئے تمام سکیورٹی قوانین کو مد نظر رکھا جاتا ہے پوری امید ہے کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہو جائے گا

 

 

حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہی، 27 روز میں 245 افراد جاں بحق

اسلام آباد(سی ایم لنکس) ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں نے تباہی مچا دی، 27 روز میں 245 افراد جاں بحق اور 446 زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 92، کے پی میں 74، سندھ میں 47،بلوچستان میں 22، کشمیر میں 6 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جان کی بازی ہارے جبکہ ایک ہزار 2 مکانات مکمل اور 3475 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 121 بچے اور 48 خواتین بھی شامل ہیں، سیلاب اور بارشوں سے 446 لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 158مرد، 107 خواتین اور 181 بچے شامل ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے8 سکولوں اور 35 پلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ 609 مویشی ہلاک ہوئے ہیں تاہم سیلاب اور بارشوں نے ریلوے کو بھی نقصان پہنچایا۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سبی سے ہرنائی سیکشن کے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ٹریک پر مرمتی کام جاری ہے جو 10 ستمبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے، اسی طرح کول پر اور ڈوزان کے درمیان ریلوے پل کو بھی نقصان پہنچا جبکہ این 50 دنسر کے قریب سڑک بارشوں سے متاثر ہوئی ہے۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92607